امریکی پولیس افسر نے اپنی گاڑی غلط جگہ پارک کرکے خود پر ہی جرمانہ کردیا

پولیس افسر نے معذوروں کے لیے کام کرنے والی تنظیم کے لیے 200 ڈالر مزید بھی عطیہ کردیئے


ویب ڈیسک November 19, 2015
پولیس افسر نے معذوروں کے لیے کام کرنے والی تنظیم کے لیے 200 ڈالر مزید بھی عطیہ کردیئے، فوٹو: فائل

اگر ہر پولیس افسر اپنی ڈیوٹی کو ایمانداری سے انجام دینے لگے تو جرائم پر قابوپانا آسان ہوجائے گا تاہم ایسی ایک مثال دیکھنے میں آئی امریکا میں جہاں ایک ایماندار پولیس افسر نے معذوروں کی گاڑیوں کے لیے مخصوص جگہ پرغلطی سے اپنی گاڑی کھڑے کرنے پر خود ہی پر جرمانہ عائد کرتے ہوئے چالان کاٹ دیا۔

تفصیلات کے مطابق وسکونسن کے علاقے ملکواکی کاؤنٹی کے پولیس افسرڈیوڈ کلارک نےاس وقت اپنے پورے ڈیپارٹمنٹ کو حیرت میں ڈال دیا جب انہوں نے اپنے ہی نام پارکنگ ٹکٹ یعنی جرمانہ عائد کردیا۔ ڈیوڈ بزرگوں کے دن کے موقع پر ایک تقریب میں شرکت کے لیے جب وہاں پہنچے تو اپنی کار غلطی سے معذورں کے لیے مخصوص کی گئی کار پارکنگ میں کھڑی کردی اور اپنے ماتحت سے کہا کہ وہ کار کو ہٹا کر دوسری جگہ کھڑی کردے لیکن جب وہ تقریب سے واپس آئے تو ان کی کار وہیں کھڑی تھی جس پر پولیس افسر نے دوسرے شہریوں کی طرح خود پر جرمانہ عائد کردیا۔ جرمانہ عائد کرنے کے بعد ڈیوڈ نے نہ صرف 35 ڈالر کا جرمانہ ادا کیا بلکہ معذوروں کے لیے کام کرنے والی تنظیم کے لیے 200 ڈالر مزید بھی عطیہ کردیئے۔

پولیس افسر کاکہنا تھا کہ اس بات کی بھی تحقیقات کی جائیں گی کہ اس کے حکم کے باوجود اس کی اسکواڈ کار دوسری جگہ کیوں پارک نہیں کی گئی جب کہ قانون پولیس اہلکار یا عام شہری سب کے لیے ایک جیسا ہے اس لیے اس کا اقدام بالکل درست تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں