بلدیاتی الیکشن ملتوی کرکے پیپلزپارٹی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے وزیراعلیٰ سندھ

الیکشن کمیشن کو چیزوں کا علم نہیں یہ کھلی دھاندلی کررہے ہیں، سید قائم علی شاہ


ویب ڈیسک November 18, 2015
الیکشن کمیشن کو چیزوں کا علم نہیں یہ کھلی دھاندلی کررہے ہیں، سید قائم علی شاہ، فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے جو قوانین بنائے ان پر عمل ہونا چاہیے لیکن لگتا ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں کسی جماعت کو سپورٹ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جب کہ الیکشن کمیشن بھی کھلی دھاندلی کررہا ہے۔

کراچی میں پریس وزیراعلیٰ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سید قائم علی شاہ نے کہا کہ 24 گھنٹے پہلے حلقہ بندیوں پر ہائیکورٹ کا فیصلہ آیا، اگرعدالت کو فیصلہ دینا تھا تو ایک ہفتہ قبل دیتی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے اور لگتا ہے کہ الیکشن میں کسی جماعت کو سپورٹ کرنے کی بھی کوشش کی جارہی ہے۔

قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ میں نے خود سیکریٹری کو فون کیا، سندھ والوں کو کیا بھیڑ بکری سمجھتے ہیں، ہمیں کہا گیا کہ حلقہ بندیوں کے لیے انتخابات روکے ہیں، پولنگ اسٹیشن کو ایک روز قبل تبدیل کیا گیا، پچھلے 40 سالوں میں ایسا نہیں ہواجواب ہورہا ہے لہٰذا الیکشن کمیشن کو ابھی تک چیزوں کا علم نہیں اور یہ کھلی دھاندلی کررہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت نے جو قوانین بنائے ان پرعمل ہونا چاہیے کیونکہ ہم یہ نہیں چاہتے کہ ا لیکشن نہ ہوں، ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن ہوں جب کہ حلقے الیکشن کمیشن نے بنائے ہیں اور وہی انتخابات ملتوی کررہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں قائم علی شاہ نے کہا کہ ناصر شاہ سے وزارت واپس لینے کا الیکشن کمیشن سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

واضح رہے کہ آج الیکشن کمیشن نے سندھ کے 8 اضلاع کی 81 یونین کونسلز میں کل ہونے والے انتخابات ملتوی کردیئے ہیں جب کہ 15 روز میں نئی حلقہ بندیاں کرانے کا بھی اعلان کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔