داعش نے مصر میں تباہ ہونیوالے روسی طیارے میں رکھے گئے بم کی تصویر جاری کردی

طیارے میں بم مصر کے ساحلی شہر شرم الشیخ کے ہوائی اڈے پر سیکیورٹی کی آنکھوں میں دھول جھونک کر پہنچایا گیا، داعش


ویب ڈیسک November 19, 2015
طیارے میں بم مصر کے ساحلی شہر شرم الشیخ کے ہوائی اڈے پر سیکیورٹی کی آنکھوں میں دھول جھونک کر پہنچایا گیا، داعش۔

جنگجو تنظیم داعش نے مصر میں تباہ ہونے والے روسی طیارے میں رکھے گئے بم کی تصویر جاری کردی ہے جب کہ ساتھ ہی کہا گیا ہےکہ طیارے میں بم مصر کے ساحلی شہر شرم الشیخ کے ہوائی اڈے پر سیکیورٹی کی آنکھوں میں دھول جھونک کر پہنچایا گیا۔

داعش کے آن لائن میگزین میں تنظیم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ روسی طیارے کو تباہ کرنے سے پہلے عراق اور شام میں امریکا کا ساتھ دینے والے ممالک میں سے کسی ایک کے طیارے کو تباہ کرنے کا منصوبہ تھا لیکن بعد میں روس کی جانب سے 30 ستمبر کو شام میں جنگجوؤں کے ٹھکانوں پر حملوں کے آغاز پر یہ منصوبہ تبدیل کرکے روسی مسافر طیارے کو نشانہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

داعش کی جانب سے جاری تصویر میں سوفٹ ڈرنگ کے کین کو دکھایا گیا ہے جس میں بم فٹ کیا گیا اور کین کے ساتھ ہی ڈیٹونیٹر اور سوئچ بھی دکھایا گیا ہے اس کے علاوہ واقعے میں مرنے والے میں سے چند ایک کے پاسپورٹس کی ایک تصویر بھی شائع کی گئی ہے اور ان کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ پاسپورٹس داعش کے جنگجوؤں کو ملے تھے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز روس نے بھی پہلی مرتبہ اس بات کی تصدیق کی کہ 31 اکتوبر کو مصرمیں روسی مسافر طیارہ دہشت گردی کی کارروائی کے نتیجے میں تباہ ہوا تھا جس میں 200 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔