بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں سندھ میں پی پی متحدہ اور پنجاب میں ن لیگ کو برتری

دونوں صوبوں سے بڑی تعداد میں آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے

بلدیاتی انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن کو دونوں صوبوں سے 100 شکایات موصول ہوئیں، فوٹو: فائل

JAMRUD:
سندھ اور پنجاب کے 26 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے پولنگ کا عمل ختم ہونے کے بعد نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پنجاب میں مسلم لیگ (ن) اور سندھ میں پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم آگے ہیں جب کہ دونوں صوبوں سے بڑی تعداد میں آزاد امیدار بھی کامیاب ہوئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ کے 14 اور پنجاب کے 12 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے پولنگ کا عمل صبح ساڑھے 7 بجے شروع ہوا جو شام ساڑھے 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔ پنجاب کے جن اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے ووٹنگ ہوئی ان میں سرگودھا، گوجرانوالہ، ساہیوال ،اٹک، جہلم، میانوالی، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، شیخوپورہ اور خانیوال شامل ہیں جب کہ سندھ کے حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، مٹیاری، دادو، جامشورو، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، شہید بے نظیر آباد، تھرپارکر، میرپوخاص، عمر کوٹ اور نوشہروفیروز کے اضلاع شامل ہیں جب کہ الیکشن کمیشن نے سانگھڑ میں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر پولنگ ملتوی کردی تھی۔


سندھ اور پنجاب حکومت اور الیکشن کمیشن کے تمام ترانتظامات اور دعوؤں کے باوجود بلدیاتی انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن کو دونوں صوبوں سے 100 شکایات موصول ہوئیں۔ مرید کے کی یوسی 11 میں ووٹ ڈالنے کے تنازع پر چچا اور بھتیجے میں تنازع کھڑا ہوگیا، چچا تحریک انصاف جب کہ بھتیجا مسلم لیگ (ن) کا حامی تھا، بھتیجے نے طیش میں آکر چچا کو گولی مار کر قتل کردیا اور پھر خود بھی خود کشی کرلی۔ اس کے علاوہ شیخوپورہ کی یونین کونسل 33، 52 اور 70 میں مخالف گروپوں میں فائرنگ کے تبادلے کے باعث پولنگ کا عمل ڈیڑھ سے 2 گھنٹے تک معطل رہا۔ یونین کونسل 52 میں تصادم سے پی ٹی آئی کے کارکن کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔ مرید کے میں یوسی 11 سے جماعت اسلامی کے امیدوار صداقت علی پرمخالف جماعت کے کارکنوں کی جانب سے تشدد کیا گیا جس کے باعث انہیں فوری طورپراسپتال منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم پر سندھ کے 8 اضلاع کی 76 یونین کونسلز میں ہونے والے انتخابات ملتوی کردیئے جب کہ 15 روز میں نئی حلقہ بندیاں کرانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ جن یونین کونسلوں میں انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں ان میں تھرپارکر کی 6، نوشہروفیروز 17، میرپور خاص ڈویژن 25، بدین 4، حیدرآباد 24 اور سانگھڑ کی 5 یونین کونسلز شامل ہیں۔

https://www.dailymotion.com/video/x3eiesb
Load Next Story