فوج نے گورننس بہتر بنانے کا کہہ کر کوئی غلط بات نہیں کی عمران خان

ملک میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون ہے جب کہ جمہوریت کا مطلب بادشاہت نہیں، چیرمین پی ٹی آئی


ویب ڈیسک November 19, 2015
ملک میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون ہے جب کہ جمہوریت کا مطلب بادشاہت نہیں، چیرمین پی ٹی آئی، فوٹو: فائل

QUETTA: چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون ہے اور ایسے میں فوج نے گورننس بہتر بنانے کا کہہ کر کوئی غلط بات نہیں کی۔

چارسدہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جمہوریت کا مطلب بادشاہت نہیں، حکمران عوام کو جوابدہ ہیں لیکن ملک میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون ہے اور ایسے میں فوج نے گورننس بہتر بنانے کا کہہ کر کوئی غلط بات نہیں کی جب کہ فوج خیبرپختونخوا میں کبھی گورننس بہتر بنانے کا نہیں کہے گی کیونکہ ہم صوبے میں پہلے ہی گورننس بہتر کرچکے ہیں تاہم ناقص گورننس سے جمہوریت کو بھی خطرہ ہے۔

عمران خان نے کہا کہ کور کمانڈر پشاور نے کے پی کے میں پولیس کی کارکردگی کو سراہا، صوبے میں گزشتہ ایک سال میں جرائم میں 60 فیصد کمی آئی، ساڑھے 9 لاکھ آن لائن ایف آئی آرز کا اندارج ہوچکا ہے جب کہ عوام کے اعتماد کے بغیر پولیس کامیاب نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ اس سے اختیارات نیچے منتقل نہیں ہوں گے، فنڈز وزیراعلیٰ کے پاس ہی رہیں گے جب کہ ہم خیبرپختونخوا میں نیا نظام لائے ہیں جس کے تحت اختیارت گاؤں کی سطح تک منتقل ہوئے اور 30 فیصد ترقیاتی فنڈز بلدیاتی نمائندوں تک جائے گا۔

چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پنجاب اور سندھ میں پولیس کے ذریعے انتخابات لڑے جارہے ہیں اور جہاں ہمارے امیدار کھڑے ہوتے ہیں وہاں ان کے خلاف ایف آئی آر کٹوائی جاتی ہے جب کہ میانوالی میں میرے خلاف بھی ایف آئی آر کٹوائی گئی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ملک میں اربوں روپے کی بجلی چوری ہورہی ہے، وفاق صوبے کو بجلی کا نظام دے ہم لوڈشیڈنگ ختم کرکے دکھائیں گے۔

عمران خان نے قومی اداروں کی نجکاری کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ نجکاری ان اداروں کی جائے جو نقصان میں جارہے ہوں لیکن حکومت فائدے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری کرکے پیسہ بنانا چاہتی ہے مگر ہم ان کے اس اقدام کے خلاف کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چائنا اقتصادی راہداری میں پنجاب کو زیادہ فائدہ پہنچایا جارہا ہے اس سے چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی بڑھے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔