پاک فوج نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی آرمی چیف سے ملاقات میں امریکی سینیٹرز کا اعتراف

امریکی سینیٹ کمیٹی نے پاک فوج کی کارکردگی اور قربانیوں کو تسلیم کیا، ترجمان پاک فوج

امریکی سینیٹ کمیٹی نے پاک فوج کی کارکردگی اور قربانیوں کو تسلیم کیا، ترجمان پاک فوج، فوٹو: آئی ایس پی آر

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے امریکی سینیٹ کے چیرمین سمیت سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے اراکین سے ملاقات کی جس میں امریکی سینیٹرز نے عسکریت پسندی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کی کامیابی کا اعتراف کرتے ہوئے اس کے عزم کو سراہا۔

ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کےمطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کیپٹل ہل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امریکی سینیٹ کے چیرمین جان مکین، سینیٹر جیک ریڈو سمیت دیگر سینئر ارکان اور سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی سے بھی ملاقات کی جب کہ اس موقع پر جان مکین نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں آرمی چیف کی قیادت کی تعریف کی اور سینیٹ کمیٹی نے پاک فوج کی کارکردگی اور قربانیوں کو تسلیم کیا۔


ترجمان کے مطابق امریکی سینیٹرز نے اس بات کا اعتراف کیا کہ پاکستان نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے، سینیٹر رچرڈبر اور فین اسٹین نے بھی اس بات کو سراہا کہ پاک فوج کے عزم سے عسکریت پسند کمزور ہوئے ہیں جب کہ امریکی سینیٹ نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کو اپنے تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ چیرمین سینیٹ کمیٹی نے پاک امریکا مضبوط تعلقات کو سراہا جب کہ اس موقع پر جان مکین کا کہنا تھا کہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کی شراکت داری مزید مضبوط بنانا ہوگی۔

ترجمان کے مطابق امریکی سینیٹرز سے ملاقات میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ خطے میں نئے خطرات سے نمٹنے کے لیے پائیدار تعاون کی ضرورت ہے جب کہ خطے میں قیام امن کے لیے بہتر پاک افغان مینجمنٹ کی بھی ضرورت ہے۔

https://www.dailymotion.com/video/x3eluit_army-chief-met-american-senators_news
Load Next Story