بدین کا میدان ذوالفقار مرزا نے مارلیا  پیپلزپارٹی کو بدترین شکست

پیپلزپارٹی نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو ان کے لیے کچھ نہیں بچے گا، ذوالفقار مرزا


ویب ڈیسک November 19, 2015
پیپلزپارٹی نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو ان کے لیے کچھ نہیں بچے گا، ذوالفقار مرزا، فوٹو: فائل

سندھ اور پنجاب کے 26 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے پولنگ کا عمل ختم ہونے کے بعد نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پنجاب میں مسلم لیگ (ن) اور سندھ میں پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم آگے ہیں جب کہ بدین سے ذوالفقار مرزا گروپ نے کلین سوئپ کرتے ہوئے میونسپل کمیٹی کی تمام 14 نشستیں جیت لیں اور پیپلزپارٹی کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

https://img.express.pk/media/images/q80/q80.webp

بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی اور نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جب کہ بدین سے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا کے حمایتی گروپ نے 14 وارڈ کی تمام یونین کونسل کی نشستیں جیت لی ہیں اور علاقے میں پیپلزپارٹی کو بدترین شکت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

https://img.express.pk/media/images/q124/q124.webp

نمائندہ ایکسپریس نیوز کے مطابق بدین میں مرزا گروپ کے امیدواروں نے بوتل کے انتخابی نشان پر الیکشن لڑا اور غیر معمولی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے ''تیر'' کو مات دے دی۔ بدین میں پیپلزپارٹی کے اثرورسوخ رکھنے والے علاقوں میں بھی اسے بدترین شکست ہوئی جب کہ مرزا گروپ کی کامیابی کے بعد اس گروپ کے حمایتی سڑکوں پر نکل آئے اور جشن منایا، اس موقع پر قومی پرچم بھی لہرائے گئے، مرزا گروپ کے حامیوں نے ان کے اور شہید بے نظیر بھٹو کے حق میں نعرے لگائے جب کہ اس دوران سابق صدر آصف زرداری کے خلاف بھی نعرے لگائے گئے۔ بدین میں پیپلزپارٹی کو بدترین شکست کے بعد جیالوں کے کیمپ میں سناٹا چھاگیا جب کہ کامیابی کے بعد ذوالفقار مرزا کے حمایتی مرزا فارم ہاؤس پہنچ گئے اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا۔

https://img.express.pk/media/images/q219/q219.webp

کامیابی کے بعد بدین میں نمائندہ ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو میں ذوالفقار مرزا نے اپنی جماعت بنانے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی پر اللہ کا شکر گزار ہوں، بدین میں شکست پیپلزپارٹی کے لیے پیغام ہے کہ اگر انہوں نے غریب عوام کا کچھ مداوا نہیں کیا تو ان کے لیے کچھ بھی نہیں بچے گا، پیپلزپارٹی کا جو حال پنجاب میں ہوا وہ اب سندھ کےمزید اضلاع میں بھی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو ہوش کے ناخن لینا چاہئیں اور عوام کے مسائل کو سمجھیں، ان لوگوں نے اپنے لیے بہت پیسہ بنایا جو ان کی سات نسلیں بھی ختم نہیں کرسکتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جلد ہی کراچی جاؤں گا جہاں لیاری اور ملیر سمیت دیگر علاقوں کا دورہ کروں گا اور وہاں اپنا گروپ بنا کر الیکشن لڑنے کی کوشش کروں گا۔

https://img.express.pk/media/images/q316/q316.webp

سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ووٹوں کی گنتی کے بعد نتائج کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے، جس میں غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کےمطابق سندھ میں پیپلزپارٹی، متحدہ قومی موومنٹ کو برتری حاصل ہے جب کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) آگے ہے اس کے علاوہ دونوں صوبوں میں بڑی تعداد میں آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے ہیں۔

https://img.express.pk/media/images/q415/q415.webp

https://img.express.pk/media/images/voting/voting.webp

سندھ کے 14 اور پنجاب کے 12 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے پولنگ کا عمل صبح ساڑھے 7 بجے شروع ہوا جو شام ساڑھے 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔ پنجاب کے جن اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے ووٹنگ ہوئی ان میں سرگودھا، گوجرانوالہ، ساہیوال ،اٹک، جہلم، میانوالی، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، شیخوپورہ اور خانیوال شامل ہیں جب کہ سندھ کے حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، مٹیاری، دادو، جامشورو، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، شہید بے نظیر آباد، تھرپارکر، میرپوخاص، عمر کوٹ اور نوشہروفیروز کے اضلاع شامل ہیں جب کہ الیکشن کمیشن نے سانگھڑ میں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر پولنگ ملتوی کردی تھی۔

https://img.express.pk/media/images/q513/q513.webp

سندھ اور پنجاب حکومت اور الیکشن کمیشن کے تمام ترانتظامات اور دعوؤں کے باوجود بلدیاتی انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن کو دونوں صوبوں سے 100 شکایات موصول ہوئیں۔ مرید کے کی یوسی 11 میں ووٹ ڈالنے کے تنازع پر چچا اور بھتیجے میں تنازع کھڑا ہوگیا، چچا تحریک انصاف جب کہ بھتیجا مسلم لیگ (ن) کا حامی تھا، بھتیجے نے طیش میں آکر چچا کو گولی مار کر قتل کردیا اور پھر خود بھی خود کشی کرلی۔ اس کے علاوہ شیخوپورہ کی یونین کونسل 33، 52 اور 70 میں مخالف گروپوں میں فائرنگ کے تبادلے کے باعث پولنگ کا عمل ڈیڑھ سے 2 گھنٹے تک معطل رہا۔ یونین کونسل 52 میں تصادم سے پی ٹی آئی کے کارکن کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔ مرید کے میں یوسی 11 سے جماعت اسلامی کے امیدوار صداقت علی پرمخالف جماعت کے کارکنوں کی جانب سے تشدد کیا گیا جس کے باعث انہیں فوری طورپراسپتال منتقل کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں