بجلی بحران دہشتگردی غیر ملکی سرمایہ کاری 656 فیصد کم ہوگئی اسٹیٹ بینک

2010-11 میں غیرملکی سرمایہ کاری 1.98ارب ڈالر تھی جو 68کروڑ ڈالر رہ گئی، اسٹیٹ بینک

2010-11 میں غیرملکی سرمایہ کاری 1.98ارب ڈالر تھی جو 68کروڑ ڈالر رہ گئی، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری بھی 50 فیصدگھٹ گئی، اسٹیٹ بینک۔ فوٹو/ایکسپریس

ملک میں جاری بجلی کے بحران اور امن وامان کی مخدوش صورتحال کے سبب غیرملکی سرمایہ کاری 65.6فیصد تک کم رہی ہے۔ اسٹیٹ بینک کے اعداد وشمار کے مطابق مالی سال 2011-12کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری سال 2010-11کے مقابلے میں 65.6فیصد کمی سے 68کروڑ ڈالر رہی، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 50فیصد کمی سے 81کروڑ 26لاکھ ڈالر رہی۔


اعدادوشمار کے مطابق مالی سال2010-11 کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری 1.98ارب ڈالر تھی جو کم ہو کر 68کروڑ ڈالر کی سطح پر آ گئی جبکہ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 1.634ارب ڈالر سے 50فیصد کم ہو کر 81کروڑ 26 لاکھ ڈالر رہی۔ پورٹ فولیو سرمایہ کاری مالی سال 2010-11کے دوران 36کروڑ 64لاکھ ڈالر بڑھی تھی جبکہ امسال غیرملکی سرمایہ کاروں نے اسٹاک مارکیٹ سے 7کروڑ ڈالر کا سرمایہ نکال لیا اس طرح پورٹ فولیو سرمایہ کاری میں اضافے کی شرح منفی 120فیصد رہی۔

وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کے نائب صدر شکیل احمد ڈھینگڑا نے غیرملکی سرمایہ کاری میں کمی کو حکومت کی ناقص کارکردگی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ توانائی کے بدترین بحران اور امن وامان کی مخدوش صورتحال میں غیرملکی سرمایہ کار تو درکنار مقامی سرمایہ کار بھی محفوظ نہیں اور وہ اپنا سرمایہ دیگر ملکوں کو منتقل کر رہے ہیں، پلاننگ کمیشن کے سربراہ کو صنعتوں کی بندش اور بیرون ملک منتقلی کی فکر نہیں ہے۔
Load Next Story