پنجاب میں ن لیگ اور سندھ میں پیپلزپارٹی نے میدان مارلیا بدین سے پی پی کا صفایا

ایم کیو ایم 120 نشستوں کے ساتھ سندھ میں دوسرے نمبرپرہے اور حیدرآباد میں اپنا میئرلانے کی پوزیشن میں آگئی۔

حیدرآباد میں ایم کیو ایم اپنا میئر لانے کی پوزیشن میں آگئی۔ فوٹو:فائل

KARACHI:
سندھ اور پنجاب کے 26 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لئے نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اوراب تک موصول ہونے والے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق پنجاب میں مسلم لیگ (ن) اور سندھ میں پیپلزپارٹی نے میدان مارلیا جب کہ حیدرآباد میں ایم کیو ایم میئرلانے کی پوزیشن میں آگئی اور بدین سے ذوالفقار مرزا نے پیپلزپارٹی کا صفایا کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) نے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی طرح دوسرے مرحلے میں بھی پنجاب کا میدان مار لیا اور(ن) لیگ ضلع کونسل، میونسپل کارپوریشنز اور میونسپل کمیٹیوں میں مجموعی طور پر 1167 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ دوسرے نمبر پر آزاد امیدوار ہیں جنہوں نے 836 نشستیں حاصل کیں۔ پنجاب میں اپوزیشن جماعت تحریک انصاف 327 نشستیں حاصل کرسکی، پیپلزپارٹی 16 اور مسلم لیگ (ق) کے حصے میں صرف 10 نشستیں آئیں۔


سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں صوبے کے 14 اضلاع میں ہونے والی پولنگ میں ٹرن آؤٹ 50 فیصد رہا اور یہاں 5 ہزار 100 نشستوں کے لیے 14 ہزارامیدوار مدمقابل تھے جہاں پیپلزپارٹی ایک مرتبہ پھر ابھر کر سامنے آئی اور غیرسرکاری و غیرحتمی نتائج کے مطابق 1059 نشستیں حاصل کرکے پہلے نمبر پر ہے جب کہ متحدہ قومی موومنٹ 120 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے اور ساتھ ہی ایم کیو ایم حیدرآباد میں اپنا میئر لانے کی پوزیشن میں بھی آگئی۔ پیپلزپارٹی کے بے دخل رہنما ذوالفقار مرزا نے پیپلزپارٹی کو بدین سے بے دخل کردیا اور وہاں کی تمام 14 نشستوں پر پیپلزپارٹی کو شکست دے کر اس کا صفایا کردیا۔ مسلم لیگ (ن) سندھ میں صرف 88 اور تحریک انصاف 8 نشستیں حاصل کرسکی۔

https://www.dailymotion.com/video/x3eslnc_lg-election-results-phase-i-ii_news
Load Next Story