رنبیر کپور  پاکستانی فلموں میں کام کرنے کے لیے تیار

پاکستانی پروڈیوسر کی جانب سے اچھے کہانی والی فلم کی پیشکش کی گئی تو فلم سائن کرنے میں دیر نہیں کروں گا، بالی ووڈ اسٹار


ویب ڈیسک November 20, 2015
میرے والد رشی کپور فلم’’حنا‘‘ کی شوٹنگ کے لیے پاکستان آئے تھے اسی طرح میں بھی آنا چاہتا ہوں، بالی ووڈ اسٹار، فوٹو: فائل

بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور نے پاکستانی فلموں میں کام کرنے کے لیے رضامندی ظاہر کردی ہے۔

بالی ووڈ اسٹار رنبیر کپور اور دپیکا پڈوکون نے اپنی نئی آنے والی فلم ''تماشا'' کی پروموشن کے سلسلے میں وڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس کی جب کہ اس موقع پر رنبیر کپور کا کہنا تھا کہ پاکستانی پروڈیوسر کی جانب سے اچھے کہانی والی فلم کی پیشکش کی گئی تو فلم سائن کرنے میں دیر نہیں کروں گا، پاکستان آنے کی شدید خواہش ہے کیوں کہ میرے والد رشی کپور فلم ''حنا'' کی شوٹنگ کے لیے پاکستان آئے تھے اسی طرح میں بھی آنا چاہتا ہوں۔

رنبیر کپور نے کہا کہ ہم پاکستانی اداکار جاوید شیخ کی اداکاری کے فین ہیں اور فلم میں بھی اداکار جاوید شیخ میرے والد کا کردار اداکررہے ہیں جب کہ میری خواہش ہے کہ پاکستانی اور بھارتی اداکار مل کر اچھی فلمیں بناتے رہیں۔

بالی ووڈ اسٹار کا کہنا تھا کہ میں گزشتہ اپنی دونوں فلموں کی ناکامی کا ذمے دار ہوں لیکن اس بار اپنے مداحوں کو کچھ بہتر دکھانے کی کوشش کروں گا جب کہ اداکارہ دپیکا پڈو کون نے کہا کہ میری فلم نوجوانوں کے لیے ہے اور امید ہے پاکستانی شائقین کو فلم پسند آئے گی۔

واضح رہے کہ اداکار رنبیر کپور اور دپیکا پڈوکون کی فلم ''تماشا'' 27 نومبر کو ریلیز کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔