قوم ترقی کا پہیہ روکنے والوں سے حساب لے رہی ہے وزیراعظم

وزیراعظم نے 54 کلو میٹر طویل ملتان خانیوال موٹروے کا افتتاح کردیا۔


ویب ڈیسک November 21, 2015
وزیراعظم نے 54 کلو میٹر طویل ملتان خانیوال موٹروے کا افتتاح کردیا۔ فوٹو: فائل

KARACHI: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملک میں اگر آمریت چلتی رہتی تو نہ جانے پاکستان آج کس نہج پر کھڑا ہوتا جب کہ قوم ترقی کا پہیہ روکنے والوں سے حساب لے رہی ہے۔



ملتان خانیوال موٹروے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ترقی کی دوڑ میں پاکستان بہت پیچھے رہ گیا، اس خطے میں موٹروے کو بہت پہلے پہنچ جانا چاہیئے تھا لیکن سابق حکمرانوں کی عدم دلچسپی کے باعث ترقیاتی کام آج ہورہے ہیں، کراچی حیدرآباد موٹروے زیرتعمیر ہے پھر موٹروے کو حیدرآباد سے سکھر اور سکھر سے ملتان آنا ہے جب کہ بلوچستان میں بھی ترقی ہورہی ہے، گلگت بلتستان کے لوگ بھی آج اپنے آپ کو قریب محسوس کر رہے ہیں اور پہلے کے مقابلے میں آج حالات زیادہ بہتر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہمیشہ فاصلے بڑھتے رہے ہیں جو فاصلے قائداعظم کے دور میں نہیں تھے وہ بعد میں بڑھائے گئے، ہم نے مشرقی پاکستان کو بھی دور کیا جب کہ پاکستان بننے میں سب سے پہلے بنگال کے لوگوں نے لبیک کہا تھا لیکن بعد میں ہم نے ان کے ساتھ کیا کیا، ادھر ہم اور ادھر تم کے نعرے لگائے گئے لیکن آج یہ فاصلے کم ہورہے ہیں اور اگر فاصلے کم ہوں گے تو دل آپس کے قریب ہوں گے۔



وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک سے لوڈشیڈنگ دو ڈھائی سال میں بالکل ختم ہوجائے گی اور لوگ یاد کریں گے کہ کبھی لوڈشیڈنگ بھی ہوا کرتی تھی جب کہ موٹرویز اور میٹرو نہیں بجلی کے کارخانے بھی ملک میں لگ رہے ہیں، ہوا، دھوپ، کوئلے اور پانی سےبجلی پیداکرنےکےمنصوبے بنا رہے ہیں لیکن سابق حکمرانوں نے گھر گھر لوڈشیڈنگ کا تحفہ دیا، موٹروے بنانے تو دور کی بات ملک میں دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ کا مسئلہ پیدا کردیا۔ کراچی آپریشن ہر صورت جاری رہے گا جہاں امن کے لئے لازوال قربانیاں دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 1999 میں ہماری حکومت ختم کرنے سے ترقی کا عمل روکا گیا، پاکستان میں دہشتگردی جیسے مسائل پیدا کردیئے جس نے عام افراد سمیت سرکاری ملازمین، پولیس اور فوجی اہلکاروں سمیت ہزاروں افراد کی جانیں لے لیں اس پر کسی نے کوئی کام نہیں کیا، ہر طرف معاملات کو خراب کیا گیا اور گزشتہ 5 سے 15 سالوں کے درمیان پاکستان جس صورتحال سے گزرا ہے وہ ناقابل بیان ہے۔



وزیراعظم نواز شریف نے 54 کلومیٹر طویل ملتان خانیوال موٹروے کا افتتاح کیا جسے 13 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے جب کہ منصوبہ کراچی لاہور موٹروے منصوبے کا حصہ ہے۔ ملتان خانیوال موٹروے بلوچستان سے بذریعہ نیشنل ہائی وے آنے والی ٹریفک کو بھی سہولت فراہم کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں