پاکستانی نجی شعبہ تجارتی مواقع سے فائدہ اٹھائے برازیلی سفیر

دوطرفہ تجارت کوفروغ دیاجائے، برازیل میں کاروبارکیلیے تعاون کرینگے، اسلام آباد چیمبرمیں خطاب

زراعت، توانائی اور فارماسیوٹیکلز کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہیے، ظفر بختاوری فوٹو فائل

برازیل کے سفیر الفریڈو لیونی نے کہا ہے کہ پاکستان کے نجی شعبے کو دونوں ملکوں کی باہمی تجارت کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے آگے آنا چاہیے۔

پاک برازیل اقتصادی وتجارتی تعلقات کے فروغ سے دوطرفہ روابط کو توسیع ملے گی، برازیلی سفارتخانہ کاروبار کے حوالے سے پاکستان کی مدد اور برازیل کے سفیر کیلیے تعاون کرنا چاہتا ہے۔ پی پی آئی کے مطابق اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ عالمی سطح پر پاکستان کی تجارت اور ممالک سے اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کیلیے سفارتی برادری کے ساتھ روابط کے قیام میں مدد کریں گے، پاکستان کو ترقی کیلیے مختلف اقتصادی شعبوں میں برازیل کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہیے، برازیل نے 1994 میں افراط زر پر کنٹرول اور معیشت کو مستحکم بنانے کیلیے ریئل پلان کا نفاذ کیا تھا۔


برازیلی سفیر نے کہا کہ برازیل دنیا کی چھٹی بڑی معیشت اور آٹھویں بڑی صارف منڈی ہے اور ساتھ ہی لاطینی امریکا میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر بھی برازیل ہی ہے تاہم دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارت کا حجم صرف 30 کروڑ ڈالر ہے جس میں اضافے کی ضرورت ہے، برازیل خطے میں سرمایہ کاری کا مرکز اور جنوبی امریکا کا گیٹ وے ہے۔ انھوں نے بزنس کمیونٹی کو برازیل میں سرمایہ کاری کے مواقع کی فراہمی کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستانی تاجر جو برازیلی شراکت داروں کے ساتھ کاروبار شروع کرنا چاہتے ہیں وہ خود کی رجسٹریشن کرائیں اور برازیل میں دستیاب سب سے بڑے ڈیٹابیس میں شامل ہو جائیں۔

اس میں بین الاقوامی تجارتی کمپنیوں، برازیلی کمپنیوں، تجارتی پیشکشوں، مارکیٹ اسٹڈیز اور دیگر امور پر معلومات موجود ہیں۔ قبل ازیں صدر آئی سی سی آئی ظفر بختاوری نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان زراعت، توانائی اور فارماسیوٹیکلز کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہیے، اس حوالے سے تجارتی وفود کے تبادلوں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔ انھوں نے برازیلی بزنس کمیونٹی کو پاکستانی کاروباری برادری کے ساتھ ملاقات کے لیے دورے کی دعوت دی اور کہا کہ ہمیں برازیل کے کامیاب اقتصادی منصوبے سے سیکھنا چاہیے جس کے ذریعے برازیل گروتھ کے قابل ہوا۔ انھوں نے کہاکہ برازیلی بزنس کمیونٹی کو پاکستان کی بڑی منڈی اور زراعت، تعمیرات، لائیواسٹاک، ڈیری، توانائی، تعلیم، آئی ٹی اور حلال انڈسٹری کے شعبوں میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
Load Next Story