آرمی چیف کے بیرون ملک دورے حکومتی پالیسیوں کا تسلسل ہیں پرویز رشید

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی باتیں نہیں ہونی چاہئیں کیونکہ یہ آپریشن ضرب عضب کے مفاد میں نہیں، وزیر اطلاعات


ویب ڈیسک November 21, 2015
آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی باتیں نہیں ہونی چاہئیں کیونکہ یہ آپریشن ضرب عضب کے مفاد میں نہیں، وزیر اطلاعات، فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات پرويز رشيد کا کہنا ہے کہ آرمی چيف جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں ابھی ایک سال باقی ہے اس لیے ان کی ملازمت میں توسیع کے بارے میں بات نہیں ہونی چاہیے کیونکہ ایسی باتیں آپریشن ضرب عضب اور ادارے كے مفاد ميں نہيں ہیں۔

پنجاب پریس گیلری میں پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیر اطلاعات سینیٹر پرويز رشيد نے کہا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزيراعظم نواز شریف کے دوروں سے پہلے اور بعد میں جن ممالک کے بھی دورے کیے وہ تمام حكومتی پاليسيوں كا تسلسل ہيں جن میں آرمی چیف نے اپنے ہم منصبوں سے عسكری نقطہ نظر پر عمل درآمد كے ليے ملاقاتیں کیں ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کا کہنا تھا کہ جنرل راحیل شریف کی ریٹائرمنٹ میں ابھی ایک سال باقی ہے لٰہذا اس حوالے سے کوئی بحث نہ کی جائے کیونکہ اس سے پہلے مدت ملازمت ميں توسيع كی باتيں ضرب عضب اور اس ادارے كے مفاد ميں نہيں جب کہ عدليہ اور فوج ميں كام ميرٹ پر ہی ہوتے ہيں۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ الیکشن میں دھاندلی كے الزامات جوڈيشل كميشن کی رپورٹ اور ضمنی اليكشن كے بعد دم توڑ گئے ہيں اور اس طرح کے الزمات سے صرف پاکستان تحریک انصاف کی شہرت كو ہی نقصان ہوا ہے اس لیے اب بہتری اسی میں ہے کہ تمام نتائج کو مان لیا جائے۔ کراچی آپریشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ شہر میں آپریشن پوری طاقت کے ساتھ جاری ہے اور اس میں کسی قسم کی سیاسی مصلحت حائل نہيں ہو گی۔

وزیر اطلاعت نے کہا کہ بھارت ميں عدم برداشت كا خاتمہ کرکے تنگ نظری كا جو رويہ اپنايا گيا ہے اس کی سزا بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ان کی عوام دے رہی ہے جب کہ مودی کے مختلف ممالک کے دورے کے دوران لوگوں کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا تاہم بھارت ميں نفرت كی پیدا ہونے والی لہر سے مسائل پيدا ہو سكتے ہيں۔ انہوں نے كہا كہ پاكستان نے اقوام متحدہ سميت ديگر ممالك كو بھارتی مداخلت کے ثبوت فراہم کردیئے ہیں جس سے پوری دنيا كی نظر ميں پاكستان كا مقدمہ مضبوط جب کہ بھارت كا كمزور ہوا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |