سندھ میں نان باسمتی چاول کی بمپر فصل متوقع

پیداوار میں 2 سے 3 لاکھ ٹن اضافے کاامکان، فصل بارش اور سیلابی پانی سے محفوظ۔

سندھ میں سروے کے دوران فصل خراب ہونے کے خدشات کی نفی ہوگئی، جاوید غوری فوٹو: فائل

سندھ میں بارشوں اور سیلاب کے باوجود چاول کی فصل محفوظ ہے اور ہائی برڈ بیج کے استعمال کے سبب سندھ میں اس سال نان باسمتی چاول کی بمپر فصل متوقع ہے جس سے مجموعی طور پر سندھ کی پیداوار میں 2 سے 3 لاکھ ٹن اضافے کا امکان ہے۔

رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین جاوید غوری کے مطابق سندھ میں چاول کی پیداوار کا درست تخمینہ لگانے کیلیے ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے پہلی مرتبہ سندھ میں چاول کی کاشت والے علاقوں کا سروے کرایا ہے جس میں بارشوں اور سیلاب کے باعث چاول کی فصل خراب ہونے کے خدشات کی نفی اور سندھ میں اس سال بمپر کراپ آنے کی تصدیق ہوگئی ہے، سندھ میں لانگ گرین اری چاول کی بہتر پیداوار کیلیے ہائی برڈ بیجوں کے استعمال کا رجحان فروغ پارہا ہے، گزشتہ سال بھی 25فیصد ہائی برڈ بیج کاشت کیا گیا اور اس سال بھی جنیاتی طور پر بہتر بیج کے استعمال سے چاول کا دانہ موٹا اور بالیوں میں تعداد کے لحاظ سے زیادہ دانے لگے ہیں۔


جس سے فی ایکڑپیداوار میں بھی بھرپور اضافہ متوقع ہے تاہم ہائی برڈ بیج کی قیمت زائد ہونے اور ٹیوب ویل پر اٹھنے والے اخراجات نے کاشتکاروں کی کمر توڑ دی ہے اور کاشتکاروں کی سپورٹ کیلیے بیجوں کی مفت فراہمی اور ٹیوب ویل پر سبسڈی ناگزیر ہے۔ سروے کی تفصیلات کے مطابق سکھر، روہڑی، کنڈی فارم، باگڑ میں چاول کی فصل بہت اچھی ہوئی ہے، یہاں 80فیصد اری6 اور 20فیصد اری 9، D-98 اور سپر سندھ کاشت ہوتا ہے سانگھڑ، پنو عاقل میں بھی فصل بہت اچھی ہے جہاں 60فیصد اری 6 اور 40 فیصد سپر سندھ اور اری9 ہوتا ہے جبکہ گھوٹکی میں بھی فصل بہتر ہے۔

یہاں سپر سندھ کی اہم فصل ہے، اس کے علاوہ یہاں اری 6، کائنات اور اری 9 بھی ہوتا ہے، میرپور ماتھیلو، ڈہرکی، رہڑکی، اوبارو میں بھی فصل اچھی ہے، سپر سندھ، کائنات ، اری 6 یہاں پر کاشت ہوتا ہے، شکارپورمیں بھی فصل بہترہے جہاں اری 6 ہوتا ہے، کندھکوٹ اور جیکب آباد میں فصل کو بارش سے نقصان پہنچا ہے، کندھکوٹ میں بارش سے اری6کی فصل کو 15 سے 20فیصد نقصان ہوا ہے جبکہ جیکب آبادمیں اری 6 فصل کو بارش اور سیلابی پانی کی وجہ سے 70 سے 80فیصد نقصان ہوا ہے، شہداد کوٹ اور گڑھی خیرو میں D-98 ، اری 9، اور ایری6 کی کاشت ہوتی ہے جہاں فصل بہتر ہے، لاڑکانہ ، میروخان، موہنجوڈرو، دادن، رادھن، مہڑ، دادو، سہون، آمری میں بمپر کراپ ہوئی ہے ان تمام علاقوں میں بھی ایری6کاشت ہوتا ہے، گھارو، ٹھٹھہ، چوڑ جمالی، ٹنڈو محمد خان، بدین میں بھی اری 6 کی بہت اچھی فصل ہوئی ہے اور یہاں لال اری6 بھی ہوتا ہے۔
Load Next Story