صنعتی دھاتوں کی قیمتیں کئی سال کی کم ترین سطح پرآگئیں

مضبوط ڈالروچینی معاشی خدشات وجہ بنے،دھاتیں اکتوبرسے اب تک17فیصدسستی ہوچکیں


AFP November 22, 2015
سونے کی قیمتوں میں بھی کمی کا رجحان، سرمایہ کارگولڈسے دوربھاگ رہے ہیں، ماہرین فوٹو: فائل

LONDON: صنعتی دھاتوں کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے اور چینی معاشی خدشات کے باعث کمی ہوئی جبکہ امریکی سرمایہ کاری بینک گولڈمین سکس کا کہنا ہے کہ اکتوبر کے اختتامی ایام کے بعد سے اب تک صنعتی دھاتوں کی قیمتوں میں 12 سے 17 فیصد کمی آ چکی ہے۔

ایک رپورٹ میں امریکی بینک نے کہاکہ اس مدت میں چین اقتصادی اعدادوشمار مایوس کن رہے اور امریکی ڈالر مضبوط ہوا۔ دریں اثناء جمعرات کو بیشتر دھاتوں بشمول تانبے، ایلومینیم اور جست کی قیمتیں ساڑھے 6سال کی کم ترین سطح تک گر گئیں جبکہ اسٹین لیس اسٹیل کی پیداوار میں استعمال ہونے والی دھات قلعی کی قیمت ساڑھے 12 سال کی کم ترین سطح پرآگئی۔

اسی طرح قیمتی دھاتوں کے نرخ بھی گزشتہ ہفتے کئی سال کی کم ترین سطح تک گر گئے تھے، بدھ کو سونے کی قیمت 6 سال کی کم ترین سطح 1063 ڈالر فی اونس رہ گئی تاہم بعد میں ریکوری کے بعد اس کا اختتام 1078 ڈالر فی اونس پر ہوا۔ ماہرین کے مطابق دسمبر میں امریکی بینکاری ریگولیٹر کی جانب سے شرح سود میں اضافہ کیے جانے کی توقعات سونے کی قیمتوں میں کمی کا باعث ہیں، امریکی ڈالر کی بڑھتی ہوئی قدر کے باعث سرمایہ کار سونے سے دور بھاگ رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں