میانمار میں لینڈ سلائیڈنگ سے 80 سے زائد کان کن ہلاک

حادثے کے نتیجے میں 100 کے قریب افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے

حادثہ رات کے وقت پیش آیا جب کان کن اپنے خیموں میں سورہے تھے،فوٹو:رائٹرز

میانمار میں قیمتی پتھروں کی ایک کان کے قریب لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 80 سے زائد مزدور ہلاک ہوگئے جب کہ 100 سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔


غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یہ حادثہ میانمار کی شمالی ریاست کاچن کے علاقے ہپاکانت میں پیش آیا جہاں قیمتی پتھر فیروزے کی ایک کان سے نکالا گیا ملبہ جو کہ بڑے وسیع علاقے میں پھیلا ہوا تھا اچانک دھنس گیا اور وہاں موجود مزدوروں پر آگرا جس کے باعث 80 سے زائد مزدور ملبے تلے دب کر ہلاک ہوگئے جب کہ 100 کے قریب افراد اب بھی لاپتہ ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔
ایک سرکاری اہلکار نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ یہ حادثہ رات کے وقت پیش آیا جب کان کن اپنے خیموں میں سورہے تھے جس کے باعث بڑی تعداد میں مزدور ملبے میں پھنس گئے،مرنے والے مزدوروں کا تعلق ملک کے مخلتف علاقوں سے بتایا جاتا ہے۔حادثے کے بعد ریسکیو اہلکار جائے واقعہ پر پہنچ گئے اور انہوں نے مقامی افراد کے ساتھ مل ملبے کو ہٹانا شروع کردیا۔

واضح رہے کہ کہ میانمار کی ریاست کاچن قیمتی پتھروں کے حوالے سے دنیا بھر میں شہرت رکھتی ہے اور یہاں انتہائی اعلیٰ قسم کا فیروزہ پایا جاتا ہے جسے برمی فیروزہ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، اس پتھر کی فروخت سے میانمار کو سالانہ اربوں ڈالر کی آمدنی ہوتی ہے تاہم کان کنی کے دوران ناقص حفاظتی انتظامات کی وجہ سے حکومت کو عالمی سطح پر تنقید کا بھی سامنا ہے۔
Load Next Story