روس میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں داعش کے11 دہشت گرد ہلاک

آپریشن میں داعش سے تعلق رکھنے والے شدت پسند گروہ کے مقامی لیڈر کے مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں، روسی میڈیا


ویب ڈیسک November 22, 2015
آپریشن کے دوران شدت پسندوں کی جانب سے سخت مزاحمت کی گئی،فوٹو:فائل

روس میں انسداد دہشت گردی فورس کے آپریشن میں شدت پسند تنظیم داعش سے تعلق رکھنے والے 11 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
روسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شمالی کاکیشیا کے شہر ناچلک میں انسداد دہشت گردی فورس کے خصوصی اہلکاروں نے شدت پسندوں کی اطلاع پر آپریشن کیا، اس دوران شدت پسندوں کی جانب سے بھی سخت مزاحمت کی گئی اور فورسز پر گرینیڈ اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا تاہم مقابلے میں عسکریت پسندوں کی زیر زمین پناہ گاہ کو تباہ کر کے علاقے کو کلیئر کیا گیا۔ روسی حکام کے مطابق آپریشن میں 11 افراد مارے گئے جن کا تعلق شام اور عراق میں سرگرم شدت پسند تنطیم دولت اسلامیہ (داعش) سے تھا۔

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ آپریشن میں شدت پسند گروہ کے مقامی لیڈر کے مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں جب کہ آپریشن میں حصہ لینے والے انسداد دہشت گردی فورس کے خصوصی یونٹ کے تمام اہلکار محفوظ رہے۔

واضح رہے کہ روس شام میں جاری خانہ جنگی میں بشارالاسد کا حمایتی ہے اور روسی طیارے داعش کے خلاف کارروائیوں میں حصہ بھی لے رہے ہیں جب کہ ایک رپورٹ کے مطابق روس کے ڈھائی ہزار شہری شام اور عراق میں داعش کے ساتھ مل کر لڑ رہے ہیں، اسی وجہ سے ماسکو کو خدشات ہیں کہ داعش روس میں بھی فرانس کی طرح دہشت گردی کی کارروائیاں کرسکتی ہے اسی لئے ملک بھر میں شدت پسند تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں