جنوبی کوریا میں امریکی فوج کا جنگی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ 2 اہلکار ہلاک

حادثے میں مرنے والے دونوں فوجیوں کی لاشیں بری طرح سے مسخ ہوگئیں

حادثے میں مرنے والے دونوں فوجیوں کی لاشیں بری طرح سے مسخ ہوگئیں، فوٹو: فائل

جنوبی کوریا میں امریکی فوج کا جنگی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ سمیت 2 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق واقعہ جنوبی کوریا کے وسطی صوبے گینگون کے علاقے وونجو میں پیش آیا جہاں امریکی فوج کا جنگی ہیلی کاپٹر اپاچی اے ایچ 64 گر کر تباہ ہوگیا جس میں پائلٹ سمیت 2 افراد ہلاک ہوگئے، حادثے میں زمین پر موجود کسی شہری کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی جب کہ مرنے والے دونوں فوجیوں کی لاشیں بری طرح مسخ ہو گئیں جس کی وجہ سے دونوں کی فوری شناخت ناممکن ہے۔


سیئول میں موجود امریکی فوج کے ترجمان نے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جب کہ فوری طور پر حادثے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں تاہم مقامی پولیس اس حوالے سے تحقیقات کررہی ہے۔

واضح رہے کہ جنوبی کوریا میں ایک معاہدے کے تحت 28 ہزار سے زائد امریکی فوجی موجود ہیں تاکہ شمالی کوریا کی جانب سے کسی ممکنہ جارحیت کی صورت میں جنوبی کوریا کا دفاع کیا جاسکے۔
Load Next Story