کشمیریوں نے مقبوضہ کشمیرکے کٹھ پتلی وزیراعلیٰ کی رہائشگاہ پرسبزہلالی پرچم لہرا دیا

کشمیری عوام بھارتی فوج کے ہاتھوں 3 نوجوانوں کی شہادت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔


ویب ڈیسک November 24, 2015
کشمیری عوام بھارتی فوج کے ہاتھوں 3 نوجوانوں کی شہادت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ فوٹو:فائل

GENEVA: مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی جارحیت کے خلاف کشمیری نوجوانوں نے احتجاج کرتے ہوئے کٹھ پتلی وزیراعلی کی رہائشگاہ پر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرا دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع اننت ناگ میں 3 کشمیری نوجوانوں کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جنہیں گزشتہ روز بھارتی فوج نے عسکریت پسند قراردے کرایک جعلی مقابلے میں شہید کردیا تھا۔ نمازجنازہ کے بعد ہزاروں افراد نے احتجاج کیا اور بھارتی قبضے کے خلاف اورآزادی کے حق میں نعرے لگائے جب کہ اس موقع پر نوجوانوں نے پاکستان کا سبز ہلالی پرچم بھی لہرا دیا۔

اس موقع پرمشتعل مظاہرین نعرے لگاتے ہوئے بجبیھارا کے علاقے میں کٹھ پتلی وزیراعلیٰ مفتی سعید کے آبائی گھرجاپہنچے اور وہاں بھی بھرپوراحتجاج کیا جب کہ کسی حریت پسند نے وزیراعلیٰ کے آبائی گھر پر بھی پاکستان کا جھنڈ الہرا دیا جسے بعد ازاں ہٹا لیا گیا تاہم ریاستی حکومت یا سیکیورٹی اداروں نے اس حوالے سے کسی قسم کا ردعمل ظاہرنہیں کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز جنوبی کشمیر میں ایک بھارتی فوج نے جعلی مقابلے میں 3 کشمیری نوجوانوں کو عسکریت پسند قرار دے کر شہید کردیا تھا جس کے خلاف آج کشمیر کے مختلف اضلاع میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔



 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔