میرا نے عامر خان کو پاکستان آنے کی دعوت دے دی

عامر خان میرے گھر پرقیام کریں اوران کی مہمان نوازی میں کوئی کسرنہیں چھوڑی جائے گی، میرا


Qaiser Iftikhar November 25, 2015
میرا نے بھارت میں اپنے منیجرکے ذریعے عامرخان اوران کی اہلیہ کوپاکستان آنے کی دعوت دیدی ہے۔ فوٹو : فائل

بولی ووڈ اسٹارعامرخان کی جانب سے بھارت چھوڑنے کے بیان پرانتہا پسندہندؤوں کی جانب سے شدیداحتجاج کے بعد فلم اسٹارمیرا نے انھیں پاکستان آنے کی دعوت دیدی۔

ایک طرف بھارت میں اپنے منیجرکوفون کرکے عامر خان کوپاکستان آنے کا پیغام بھجوایا تودوسری جانب سوشل ویب سائٹ پربھی اپنا پیغام لوڈ کردیا، جس کوبہت سراہا گیا ہے۔ فلم اسٹارمیرا نے اس حوالے سے ''ایکسپریس'' کوخصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ بالی ووڈ اسٹار عامر خان نے اپنی بہترین اداکاری سے دنیا بھرمیں پرستاروں کے دل جیتے ہیں۔

پاکستان میں بھی ان کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد بستی ہے۔ انتہا پسند ہندؤوں کی طرف سے مسلمانوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنانے اورتشدد کرنے کے واقعات میں حیرت انگیز اضافے کے بعد ان کی اہلیہ کرن راؤ جوکہ ہندو مذہب سے تعلق رکھتی ہیں لیکن انھوں نے اپنے شوہر کوہندوستان چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے، جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وہاں پرحالات کس قدرخراب ہیں، ایسے میں بطورپاکستانی میں نے انھیں لاہورآنے کی دعوت دی ہے۔

وہ میرے گھر پرقیام کریں گے اوران کی مہمان نوازی میں کوئی کسرنہیں چھوڑی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ دنیا بھرسے پاکستان آنے والے جانتے ہیں کہ پاکستانی کس قدرمہمان نواز ہیں۔ خاص طور پر لاہور اور یہاں بسنے والوں کی مہمان نوازی کے ڈنکے توپوری دنیا میں بجتے ہیں۔ اس لیے میں نے بھارت میں اپنے منیجرکے ذریعے عامرخان اوران کی اہلیہ کوپاکستان آنے کی دعوت دیدی ہے۔ وہ باکمال فنکاراورایک اچھے اورسلجھے ہوئے انسان ہیں۔

ان کے ساتھ بھارت میں ہونے والے اس رویے پردنیا بھرمیں بولی ووڈ فلموں کودیکھنے اورپسند کرنے والوں کو بھی مایوسی ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بالی ووڈ اداکارانوپم کھیرکی جانب سے عامرخان کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کا عمل بھی انتہاپسند ہندؤں کی ایک سازش لگتی ہے۔

سب کے سامنے ہے کہ جس طرح سے بھارت میں پاکستانیوں اورمسلمانوں کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔ اس سے ہمیں مودی سرکارکی مسلم مخالف پالیسی کا بھی پتہ چلتا ہے، بلکہ دنیا بھرمیں اپنی فلموں کے ذریعے کلچراورمہمان نوازی کا ''ڈھونگ'' رچانے والوں کے اس روپ کردیکھ کرسیاحوں کی اکثریت بھی خوفزدہ ہوگئی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔