تحریک انصاف کا این اے 122 کا ضمنی انتخاب پھر چیلنج کرنے کا فیصلہ

ضمنی الیکشن میں دھاندلی ہوئی جسے ثابت کرکے ایاز صادق کو گھر بھیجیں گے، علیم خان


ویب ڈیسک November 25, 2015
ضمنی الیکشن میں دھاندلی ہوئی جسے ثابت کرکے ایاز صادق کو گھر بھیجیں گے، علیم خان

پاکستان تحریک انصاف نے ایک بار پھر این اے 122 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کو کالعدم قرار دینے کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 کا ضمنی انتخاب کالعدم کرانے کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے حلقے کے ضمنی الیکشن میں مبینہ دھاندلی سے متعلق 800 صفحات پر مشتمل مواد اکٹھا کرلیا ہے جسے اس کی قانونی ٹیم نے بھی انتخاب کالعدم قرار دلوانے کے لیے کافی ہونے کی یقین دہانی کرادی ہے۔

ذرائع کے مطابق چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی حلقے سے شکست کھانے والے علیم خان کو ضمنی انتخاب الیکشن کمیشن میں چیلنج کرنے کی اجازت دے دی ہے جس کے بعد علیم خان آئندہ چند روز میں الیکشن کمیشن اسلام آباد میں انتخاب کالعدم قرار دینے کے لیے درخواست دائر کریں گے۔ تحریک انصاف کےرہنما علیم خان کا اس حوالے سے کہنا ہےکہ این اے 122 کے ضمنی انتخاب میں دھاندلی کی گئی جسے ثابت کرکے ایاز صادق کو ایک بار پھر گھر بھیجیں گے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف نے عام انتخابات میں این اے 122 میں الیکشن کے دوران دھاندلی کا الزام لگایا تھا جہاں طویل عرصے انتخابی عذرداری کی سماعت کے بعد الیکشن ٹریبونل نے حلقے میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا جب کہ حلقے میں ضمنی انتخاب میں ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ایاز صادق کامیاب ہوئے اور انہوں نے پی ٹی آئی کے علیم خان کو شکست دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں