پاک فضائیہ کی خاتون پائلٹ شہید

وطن کی حفاظت کا عزم لیے اپنے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کا کسی فنی خرابی کے باعث جاں سے گزر جانا عظیم نقصان ہے


Editorial November 26, 2015
اللہ تعالیٰ سے دلی دعا ہے کہ وہ شہید مریم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور اس کے غمزدہ لواحقین ،اعزا اور احباب کو صبر جمیل دے ۔ آمین، فوٹو : فائل

KARACHI: میانوالی کے علاقے میں کندیاں کے قریب ایک افسوسناک حادثے میں پاک فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 24 سالہ خاتون پائلٹ مریم مختیار شہید جب کہ اسکواڈرن لیڈر ثاقب عباسی شدید زخمی ہوگئے۔ واضح رہے خاتون پائلٹ فلائنگ آفیسر مریم مختیار کو پاک فضائیہ کی پہلی شہید خاتون کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ کا ایف 7 تربیتی طیارہ اپنی معمول کی پرواز پر تھا کہ میانوالی کے علاقے کندیاں میں کچہ گجرات کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔ ترجمان نے بتایا پائلٹ مریم اور اسکواڈرن لیڈر ثاقب نے طیارے کو نقصان سے بچانے کی آخری لمحات تک کوششیں کیں۔ فنی خرابی پیدا ہونے پر دونوں نے طیارے سے چھلانگ لگا دی، ثاقب عباسی کو معمولی چوٹیں آئیں جب کہ فلائنگ آفیسر مریم جان کی بازی ہار گئیں۔ اگرچہ ایئر ہیڈ کوارٹرز کی جانب سے طیارہ کے حادثے کی وجوہ کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں انکوائری بورڈ نے تحقیقات شروع کردی ہے، لیکن صرف تحقیقات پر اکتفا نہ کیا جائے بلکہ اس طرح کے واقعات کے محرکات جاننے اور ان کے سدباب کے لیے کوششیں کی جائیں۔

وطن کی حفاظت کا عزم لیے اپنے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کا کسی فنی خرابی کے باعث جاں سے گزر جانا عظیم نقصان ہے۔ مریم کو پاک فضائیہ میں بطور کمیشنڈ آفیسر شمولیت اختیار کیے چند برس ہی ہوئے تھے جب کہ ان کا تعلق کراچی سے تھا اور وہ ملیر کینٹ میں رہائش پذیر تھیں۔

پاکستان ایئرفورس کی پہلی شہید خاتون پائلٹ مریم مختیار کا جسد خاکی C-130 طیارے کے ذریعے کراچی میں پی اے ایف آپریشنل بیس پر لایا گیا، جہاں پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے شہید خاتون فلائٹ آفیسر کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی، بعد ازاں نماز جنازہ ادا کی گئی۔

شہید خاتون پائلٹ صنف نازک کے لیے قابل تقلید مثال ہیں جنھوں نے مردوں کے شانہ بشانہ وطن کی حفاظت کے لیے پاک فضائیہ میں شمولیت کو ترجیح دی، شہید پائلٹ نے ثابت کیا ہے کہ خواتین ہمارے معاشرے کے استحکام کے لیے اہم کردار کی حامل ہیں جنھیں نظر انداز کرنا خود معاشرے کے لیے مناسب نہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دلی دعا ہے کہ وہ شہید مریم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور اس کے غمزدہ لواحقین ،اعزا اور احباب کو صبر جمیل دے ۔ آمین۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں