آفریدی بھارتی ٹیم سے پاکستان میں کھیلنے کے آرزومند

مشکل وقت میں ہمارے ملک کا دورہ کیا تو شائقین بہت خوش ہوں گے، کپتان ٹی ٹوئنٹی ٹیم


AFP November 26, 2015
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پر یس کانفرنس کے دوران پاکستانی ٹوئنٹی 20 کپتان شاہد آفریدی کسی بات پر مسکرارہے ہیں ، انگلینڈ کیخلاف سیریز کا پہلا میچ آج کھیلا جائے گا ۔ فوٹو : فائل

ٹوئنٹی 20 کپتان شاہد آفریدی نے بھارت کو پاکستان میں سیریز کھیلنے کی دعوت دے دی، وہ کہتے ہیں کہ اگر بھارتی ٹیم نے مشکل وقت میں ہمارے ملک کا دورہ کیا تو پاکستانی شائقین بہت زیادہ خوش ہوں گے، وقت اور مقام کوئی بھی ہو دونوں پڑوسی ملکوں میں سیریز ضرور ہونی چاہیے۔

حکومت اور بورڈ نے اجازت دی تو ہم آئندہ برس ورلڈ ٹوئنٹی 20 کیلیے بھارت کے سفر سے نہیں ہچکچائیں گے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ ضرور کھیلی جانے چاہیے، چاہے یہ کہیں پر اور کسی بھی وقت ہو مگر کرکٹ ہونی چاہیے۔

شاہد آفریدی خود 1997، 1999، 2005، 2007 اور 2011 میں بھارت کے دورے کرچکے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے لوگ کھیل سے محبت کرتے اور باہمی مقابلے دیکھنا چاہتے ہیں، کرکٹ سے ہی تعلقات میں بہتری آتی ہے، اسے سیاست سے بالکل الگ ہونااور دونوں ٹیموں کو ہر وقت ایک دوسرے سے کھیلنے کیلیے تیار ہونا چاہیے۔

آفریدی کہتے ہیں کہ اگر بھارتی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے تو ہمارے ملک کے عوام کو بہت زیادہ خوشی ہوگی، انھوں نے کہا کہ اگر بھارت اس مشکل وقت میں پاکستان آتا اور یہاں پر کھیلتا ہے تو یہ بہت زیادہ خوشی کا باعث ہوگا۔ آئندہ برس بھارت میں شیڈول ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں حصہ لینے کے سوال پر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ جب بورڈ اور حکومت ہمیں سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائیں گے تو ہم ورلڈ ٹوئنٹی 20 کیلیے بھارت جاسکتے ہیں۔

ہم اس سے قبل بھی انتہائی برے حالات میں بھارت جاچکے ہیں، انحصار اس بات پر ہے کہ کون کتنا پریشر لے سکتا ہے، ہم جب بھی بھارت جاتے اور وہاں پر کھیلتے ہیں تو کسی قسم کے دباؤ کا شکار نہیں ہوتے کیونکہ ہمیں وہاں پر بے پناہ محبت ملتی اور وہاں کے شائقین ہمیں کھیلتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں