مشرف غداری کیس میں خصوصی عدالت کا از سرنو تحقیقات کا حکم

پرویزمشرف کے وکیل نے عدالت سے جے آئی ٹی کے قیام کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔


ویب ڈیسک November 27, 2015
پرویزمشرف کے وکیل نے عدالت سے جے آئی ٹی کے قیام کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔فوٹو: فائل

خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف پر غداری کیس کی تحقیقات مشترکہ تحقیقاتی ٹیم سے کرانے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ایف آئی اے کو کیس کی از سر نو تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

https://img.express.pk/media/images/q97/q97.webp

غداری كیس کی سماعت جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں 3 رکنی خصوصی بینچ نے کی، کیس کی سماعت شروع ہوئی تو پرویز مشرف كے وكیل فروغ نسیم نے مشتركہ تحقیقاتی ٹیم سے تفتیش كرانے كی استدعا كرتے ہوئے خصوصی عدالت كو بتایا كہ ایک ایجنسی سے تفتیش جانبدارنہ ہوسكتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حكومت یا كسی شخص كی منشا پر تحقیقات نہیں ہو سكتی اور نہ كوئی افسر اپنی مرضی پر تحقیقات كرسكتا ہے، اگر ناقص تفتیش كی جائے تو اس كے نتائج تفتیشیوں كو بھگتنا پڑتے ہیں لہٰذا غلط تحقیقات كرنے والوں كے خلاف قانون كے مطابق كاروائی ہونی چاہیے، عدالت كے دوبارہ تحقیقات كے حكم سے غداری كی یہ شكایت غیر مؤثر ہو گئی ہے لہذا اسے خارج كیا جائے یہ عدالت صرف ٹرائل ہی نہیں كر رہی بلكہ یہ بھی دیكھنا ہے كہ تحقیقات كیسے ہوئی۔

https://img.express.pk/media/images/q132/q132.webp

فروغ نسیم نے كہا کہ خصوصی قانون بھی مشتركہ ٹرائل كی بات كرتا ہے باقیوں كو چھوڑ كر ایک شخص كا ٹرائل كرنا درست نہیں اس لیے مشتركہ ٹرائل سے نہیں بچا جاسكتا، ٹرائل میں تمام تحقیقاتی ایجیسنیوں پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی كمیشن تشكیل دیا جائے جس میں آئی بی ،آئی ایس آئی اور ایم آئی شامل ہو جو از سر نو تحقیقات كرے۔

https://img.express.pk/media/images/q226/q226.webp

استغاثہ كی جانب سے اكرم شیخ نے عدالت كو بتایا كہ اسلام آباد ہائی كورٹ كا فیصلہ اختیارات سے تجاوز ہے، وفاقی حكومت ہائی كورٹ كے فیصلے كے خلاف بہت جلد اپیل دائر كرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم كورٹ كے 17 ركنی بینچ نے واضح كیا تھا كہ صرف پرویز مشرف 3 نومبر كے واقعے كے ذمہ دار ہیں اس كے بعد مشتركہ ٹرائل كی ضرورت نہیں بنتی جب کہ خود خصوصی عدالت بھی كہہ چكی ہے كہ تحقیقات صرف ایف آئی اے ہی كرسكتی ہے اس لیے كسی دوسری ایجنسی كو شامل نہیں كیا جا سكتا۔ اکرم شیخ کا كہنا تھا كہ وفاقی حكومت آئین سے انحراف كرنے والے كے خلاف كاروائی سے پہلو تہی نہیں كرسكتی۔

https://img.express.pk/media/images/q323/q323.webp

عدالت نے دونوں وکلا کے دلائل سننے کے بعد اپنے فیصلے میں کیس کی از سر نو تفتیش كا حكم دیتے ہوئے تفتیشی ایجنسی كو سابق صدر پرویز مشرف، سابق چیف جسٹس عبد الحمید ڈوگر، سابق وزیر اعظم شوكت عزیز اور سابق وزیر قانون زاہد حامد كے بیانا ت ریكارڈ كرانے اور متعلقہ سركاری ریكارڈ كا معائنہ كرنے كا حكم دیا جب کہ عدالت کا کہنا تھا کہ ضروری ہوا تو شواہد جمع كرنے كے لیے تفتیش كا دائرہ وسیع كركے مزید افراد كے بیانات بھی ریكارڈ كئے جاسكتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں