نوازشریف کی جمہوریت پرویز مشرف کی آمریت سے بھی بدتر ہے عمران خان

ایک چور دوسرے چور کا احتساب نہیں کرتا اس لیے نوازشریف زرداری کا احتساب کرنے کا وعدہ پورا نہ کرسکے، چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک November 27, 2015
ایک چور دوسرے چور کا احتساب نہیں کرتا اس لیے نوازشریف زرداری کا احتساب کرنے کا وعدہ پورا نہ کرسکے، چیرمین تحریک انصاف، فوٹو: فائل

چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومتی وزرا جلسے کرتے پھر رہے ہیں لیکن مجھے جلسے کرنے سے روکا جاتا ہے لہٰذا نوازشریف کی جمہوریت پرویز مشرف کی آمریت سے بھی بدترہے۔

اسلام آباد میں جلسے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں حکومتی وزرا شہر بھر میں جلسے کرتے پھر رہے ہیں لیکن مجھے جلسے کرنے سے روکا جاتا ہے جب کہ لوگوں تک اپنی بات پہنچانا جرم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم لودھراں جاکر ڈھائی ارب روپے کے پیکچ کا اعلان کرتے ہیں لیکن مجھے تقریر کرنے کی بھی اجازت نہیں، چیف الیکشن کمشنر بتائیں یہ کہاں کا انصاف ہے۔

عمران خان نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک چور دوسرے چور کا احتساب نہیں کرتا تو نوازشریف کیسے زرداری کا احتساب کریں گے جب کہ نوازشریف نے سوئز بینکوں میں موجود تمام غیر قانونی پیسہ ملک واپس لانے کا دعویٰ اور وعدہ کیا تھا لیکن آصف زرداری قوم کا 6 ارب روپے ہضم کرنے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بڑے بڑے ڈاکو بیٹھے ہوئے ہیں لیکن غریب عوام کو چند روپوں کے لیے جیل بھیج دیا جاتا ہے جب کہ قرضے لینے کے باوجود عوام کو کوئی سہولیات فراہم نہیں جارہی یہاں تک کہ لاہور کو کامیاب شہر بنانے کا دعویٰ کرنے والے 60 فیصد عوام کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں شریفوں اور زرداریوں کا نہیں بلکہ قائداعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان چاہیے۔

چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ موجودہ حکومت سارا پیسہ اپنے من پسند پروجیکٹس پر لگا رہی ہے جس میں بڑی تعداد میں کمیشن کھایا جا رہا ہے جب کہ پاکستان کی تاریخ میں اتنا قرضہ کبھی نہیں چڑھا جو موجودہ حکومت نے لیا جب کہ قرض کی مد میں لیے گئے پیسے حکمرانوں کے جیب میں جارہے ہیں اور یہ پیسہ عوام پرمہنگائی اور ٹیکسوں میں اضافہ کرکے واپس پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام نے کسی قسم کی ظلم اور ناانصافی قبول نہیں کرنی کیوں کہ اس قوم نے عظیم قوم بننا ہے اور میں جب تک زندہ ہوں قوم کو اکیلا نہیں چھوڑوں گا جب کہ پشاور میں اگلے انتخابات میں تحریک انصاف کو کمپین کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہوگی۔

واضح رہے چیرمین تحریک انصاف کو جلسے سے خطاب کرنے کی اجازت نہیں تھی جس کے باعث انتظامیہ نے انہیں روکنے کے لیے تمام تر انتظامات کررکھے تھے تاہم عمران خان کھیتوں سے ہوتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں