ٹیکسٹائل ایکسپورٹ پاکستان نے جاپان سے حریف ممالک کے برابر مراعات مانگ لیں

جاپان میں پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات پربنگلہ دیش، بھارت وآسیان ممالک سے اوسطاً 5.36 فیصد زائد ٹیکس عائد ہے


اظہر جتوئی November 29, 2015
جاپان میں پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات پربنگلہ دیش، بھارت وآسیان ممالک سے اوسطاً 5.36 فیصد زائد ٹیکس عائد ہے فوٹو: فائل

KARACHI: پاکستان نے جاپان کو ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافے کیلیے بھارت کے برابر مراعات مانگتے ہوئے ٹیرف میں کمی کا مطالبہ کر دیا ہے، اس سلسلے میں جاپانی حکام سے آئندہ سال مذاکرات ہوں گے۔

وزارت تجارت کے حکام کے مطابق پاکستان نے جاپان سے دوطرفہ تجارت میں اضافے اور اس میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلیے ٹھوس اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلے میں وزارت تجارت کے توسط سے تجارت، سرمایہ کاری اور متعدد شعبوں میں تعاون پر دونوں ملکوں کے حکام کا رابطہ ہوا ہے جس میں پاکستان نے جاپان سے ٹیکسٹائل ٹیرف کم کر کے بھارت سمیت خطے کے دیگر ممالک کے برابر لانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ پاکستانی مصنوعات بنگلہ دیش، بھارت اور آسیان ممالک کی ٹیکسٹائل کا جاپانی منڈیوں میں مقابلہ کر سکیں، جاپان میں بھارت کی ٹیکسٹائل اشیا انتہائی کم ٹیرف پر درآ مد کی جاتی ہیں جس کی وجہ سے پاکستانی برآمد کنندگان کو نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ ان ممالک کے مقابلے میں پاکستانی ٹیکسٹائل پراوسطاً 5.36 فیصد زائد ٹیکس عائدہے، گزشتہ سال جاپان نے 38 ارب ڈالر کی ٹیکسٹائل مصنوعات درآمد کیں جس میں پاکستان کا حصہ 12.3کروڑ ڈالر تھا۔

پاکستان کا موقف ہے کہ برابری کے ٹیرف کی بدولت جاپان کو پاکستانی ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، وزارت تجارت کو آئندہ سال کے اوائل میں جاپان سے ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافے کیلیے مذاکرات کی توقع ہے، پاکستان نے مطالبات سے جاپان کو آگاہ کر دیا ہے تاکہ مذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہوں ۔ ذرائع کے مطابق جاپانی حکام نے بھی اس حوالے سی مثبت رد عمل ظاہر کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں