فیفا کا نیا صدر ایشیا سے ہوگا اے ایف سی چیف کا دعویٰ

شیخ سلمان بن ابراہیم کو ایشین باڈی نے مکمل حمایت کا یقین دلادیا،فیفا ایگزیکٹیو ممبر الفہدالصباح کی حمایت بھی حاصل


AFP November 29, 2015
شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ کو ایشین باڈی نے مکمل حمایت کا یقین دلادیا،فیفا ایگزیکٹیو ممبر الفہدالصباح کی حمایت بھی حاصل فوٹو: فائل

HOCKENHEIM: ایشین فٹبال کنفیڈریشن نے فیفا کے صدارتی انتخاب کیلیے اپنے سربراہ شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ایشین فٹبنال کنفیڈریشن کی ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس گذشتہ روز دہلی میں ہوا جس میں اے ایف سی کے صدر شیخ سلمان کی فیفا صدارتی الیکشن کے لیے متفقہ طور پر حمایت کا اعلان کیا گیا۔ یہ میٹنگ دہلی میں ہی اتوار کو شیڈول اے ایف سی ایوارڈز سے قبل منعقد ہوئی۔

کنفیڈریشن کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا کہ ایگزیکٹیو کمیٹی میٹنگ میں اس بات پر مکمل اعتماد ظاہر کیا گیا کہ شیخ سلمان ہی فیفا کی داغ دار ساکھ کو پھر سے بحال کرسکتے ہیں، جب سے انھوں نے اے ایف سی کی صدارت سنبھالی ہے، اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے کافی متاثر کیا، وہ فیفا کی ساکھ بحال کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے اور اس کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ بحرین کے شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے شیخ سلمان کو کویت سے تعلق رکھنے والے فیفا کے ایگزیکٹیو ممبر شیخ احمد الفہد الصباح کی بھی سپورٹ حاصل ہے۔

شیخ سلمان کہتے ہیں کہ مجھے اس بار پر پورا یقین ہے کہ فیفا کا اگلا صدر ایشیا سے ہی ہوگا چونکہ میں اے ایف سی کی ممبر ایسوسی ایشن کا ایک منتخب نمائندہ ہوں اس لیے پوری دنیا کو ایک مضبوط پیغام بھی جاتا ہے کہ پورا ایشیا ایک امیدوار کے ساتھ کھڑا ہے، میں اپنی سپورٹ، اعتماد اور قیمتی مشوروں سے نوازنے پر سب کا شکرگزار ہوں۔ یاد رہے کہ یورپیئن چیف مائیکل پلاٹینی کے 2 ملین ڈالر کی ادائیگی کیس میں معطلی کے وجہ سے شیخ سلمان فیفا کی ٹاپ پوسٹ پر سیپ بلاٹر کی جگہ لینے کیلیے مضبوط امیدوار تصور کیے جارہے ہیں، اگر پلاٹینی پر تاحیات پابندی عائد ہوتی ہے تو پھر شیخ سلمان کے ہی اگلا فیفا صدر بننے کا راستہ ہموار ہوسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔