کچلے ہوئے طبقات کومذہب کے نام پرنشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیں گے آصف زرداری

جمہوریت کی حفاظت ،اداروں کے استحکام اورعوام کو خودمختار بنانے کی جدوجہد جاری رہے گی، آصف زرداری


ویب ڈیسک November 29, 2015
پیپلزپارٹی کے کارکنوں کے خون، پسینے اور آنسوؤں سے ملک میں جمہوریت قائم و دائم ہے ، سابق صدر فوٹو: فائل

RAHIM YAR KHAN: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصٖف علی زرداری نے کہا ہے کہ غیرمسلموں اور کچلے ہوئے طبقات کو مذہب کے نام پر نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے 49 ویں یوم تاسیس کے موقع پراپنے پیغام میں آصف زرداری نے کہا کہ بھٹوازم ایک نظریے کا نام ہے اور یومِ تاسیس اس نظریے کی تجدید کا دن ہے، یہ اس نظریے کی ہی بدولت ممکن ہوا کہ گزشتہ حکومت کے دور میں 1973 کا متفقہ آئین بحال ہوا، قبائلی علاقوں میں سیاسی اصلاحات نافذ ہوئیں، عسکریت پسندوں کو ختم کرنے کے لئے آہنی عزم کے ساتھ جدوجہد کا آغاز کیا گیا، غربت کے خاتمے کا ایک بڑا پروگرام شروع کیا گیا، سرکاری فیکٹریوں میں ملازمین کو حصہ داربنایا گیا اوراقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے عملی اقدامات کئے گئے۔

آصف زرداری نے کہا کہ بھٹوازم کے نظریے کا فروغ جاری رہنا چاہیے، ہم یقین دلاتے ہیں کہ مذہبی بنیاد پر بنائے جانے والے قوانین کے خاتمے کے لئے بلند ہونے والی آوازوں کو دبانے، غیرمسلموں اورکچلے ہوئے طبقات کو مذہب کے نام پرنشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کے خون، پسینے اورآنسوؤں سے جمہوریت قائم و دائم ہے اورپنپ رہی ہے ان پارٹی کارکنوں کی قربانیوں کی وجہ سے آمریت پاکستان میں اپنی جڑیں مضبوط نہیں کرسکی۔ جمہوریت کی حفاظت کرنے، جمہوری اداروں کو مستحکم کرنے اور عوام کو خودمختار بنانے کی یہ جدوجہد جاری رہے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں