کراچی میں بلدیاتی الیکشن پرامن بنانا سب کی ذمے داری ہے

کراچی میں بلدیاتی الیکشن کو شفاف اور پرامن بنانا الیکشن کمیشن اور صوبائی حکومت کی بنیادی ذمے داری ہے


Editorial November 30, 2015
کراچی میں بلدیاتی الیکشن جمہوریت کی سربلندی کے لیے انتہائی اہم ہیں اور ان کا ہر قیمت پر پرامن انعقاد انتہائی ضروری ہے فوٹو : فائل

ISLAMABAD: تمام سیاسی جماعتیں بھرپور انتخابی مہم چلا رہی ہیں تاہم الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ کراچی میں بلدیاتی الیکشن 5 دسمبر کو ہی ہوں گے، 93 فیصد سے زائد پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس اور حساس قرار دیے ہیں، ایسے پولنگ اسٹیشنز کے اندر رینجرز کی تعیناتی کا حتمی فیصلہ جلد کیا جائے گا، کراچی میں صوبائی الیکشن کمیشن میں اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ حکومت سندھ نے فوج کی 20 کمپنیاں تعینات کرنے کی تجویز دی ہے جب کہ رینجرز کے 7400 اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

فوج اور رینجرز کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہر مقام پر تعینات ہوں گے، بعض مقامات کے انتہائی حساس اور حساس پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر رینجرز کو مجسٹریٹ کے اختیارات دیے جائیں گے، ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے تجویز بھی دی ہے کہ الیکشن سے ایک دن قبل اسلحہ لائسنس معطل کیے جائیں اور سول کپڑوں میں مختلف کمپنیوں اور شخصیات کے گارڈز کے چلنے پھرنے اور پولیس طرز کی گاڑیوں پر پابندی عائد کی جائے۔ انھوں نے کہا کہ بعض ادارے الیکشن کمیشن سے تعاون نہیں کر رہے، کراچی میں بلدیاتی الیکشن کو شفاف اور پرامن بنانا الیکشن کمیشن اور صوبائی حکومت کی بنیادی ذمے داری ہے' اس کے ساتھ ساتھ سیاسی جماعتوں کی بھی ذمے داری ہے کہ وہ الیکشن کمیشن اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور الیکشن مہم کے دوران اشتعال انگیزی سے گریز کریں۔

سیاسی جماعتوں کو اپنے کارکنوں کو پرامن رہنے کی بھی تلقین کرنی چاہیے تاہم الیکشن کمیشن کا یہ کہنا تشویشناک ہے کہ بعض ادارے اس کے ساتھ تعاون نہیں کر رہے' انتظامیہ کی یہ قانونی و آئینی ذمے داری ہے کہ وہ بلدیاتی الیکشن کو پرامن بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے۔ کراچی میں بلدیاتی الیکشن جمہوریت کی سربلندی کے لیے انتہائی اہم ہیں اور ان کا ہر قیمت پر پرامن انعقاد انتہائی ضروری ہے تا کہ بعد میں کسی کو اعتراض کرنے کا موقع نہ ملے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں