اسلام آباد میں تاریخ کے پہلے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ ن نے برتری حاصل کرلی

شہر بھر کی 50 یوسیز سے مسلم لیگ (ن) نے چیئرمین کی 21 نشستیں حاصل کرلیں جب کہ تحریک انصاف نے 18 نشستیں جیتیں


ویب ڈیسک November 30, 2015
شہر بھر کی 50 یوسیز سے مسلم لیگ (ن) نے چیئرمین کی 21 نشستیں حاصل کرلیں جب کہ تحریک انصاف نے 18 نشستیں جیتیں، فوٹو: فائل

وفاقی دارالحکومت میں تاریخ کے پہلے بلدیاتی انتخابات میں غیر حتمی اور سرکاری نتائج کےمطابق مسلم لیگ (ن) نے چیئرمین کی 21 نشستیں لے کر برتری حاصل کرلی ہے جب کہ تحریک انصاف دوسرے نمبر پر ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں چیئرمین شپ کی نشستوں کا مکمل نتیجہ ایکسپریس نیوز کو موصول ہوگیا جس کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے مسلم لیگ (ن) نے شہر اقتدار کی 50 یونین کونسلز سے چیئرمین شپ کی 21 نشستیں لے کر برتری حاصل کرلی ہے جب کہ تحریک انصاف چیئرمین کی 18 نشستیں لے کر دوسرے نمبر پر ہے اس کے علاوہ 11 آزاد امیدوار بھی چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ نے یونین کونسل مل پور، کوٹ ہتھیال، جنوبی بہارہ کوہ، پھلگراں، ہمک، کھنٹہ ڈاک، ترلائی، راول ٹاؤن، جی سکس ون، جی ایٹ ون ٹو، جی ایٹ تھری فور، جی نائن، میرا جعفر، آئی نائن، آئین ٹین ون ٹو، آئی ٹین تھری فور، بورا جھنگی سیداں، بڈانہ اور شاہ اللہ دتہ سے کامیابی حاصل کی ہے۔

وفاقی دارالحکومت کی 50 یونین کونسلوں میں پولنگ کا عمل صبح ساڑھے 7 بجے شروع ہوا جو بلا تعطل شام ساڑھے 5 بجے تک جاری رہا،حلقے میں پولنگ شروع ہوتے ہی انتہائی جوش و خروش دیکھا گیا اور لوگوں کی بڑی تعداد نے پولنگ اسٹیشن کی جانب رخ کیا۔ پولنگ کے روز وزارت داخلہ نےعام تعطیل کا تو اعلان نہیں کیا تاہم تعلیمی اداروں میں مکمل جب کہ سرکاری دفاتر میں آدھے دن کی چھٹی رہی اور سرکاری ملازمین نے دوپہر 2 بجے کے بعد اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

اسلام آباد میں پرامن اندازمیں انتخابات کے انعقاد کے لئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے اور8 ہزارسے زائد پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے سیکیورٹی کے فرائض انجام دیئے اس کے علاوہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے 625 فوجی جوان اور رینجرزکے 700 اہلکار بھی کوئیک رسپانس فورس کے طورپرالرٹ رہے۔ پولیس، ایف سی، اسپیشل برانچ اور پاک فوج کے جوانوں کو خصوصی موبائل سمیں فراہم کی گئیں جن کی مانیٹرنگ جی پی آر ایس کے ذریعے کی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں