کراچی سے بلاول ہاؤس کے سیکیورٹی انچارج کے بھانجے سمیت 19 گرفتار

پولیس اور رینجرز کی کارروائیاں، سالار کمپاؤنڈ کے قریب سے ایک ٹارگٹ کلر بھی پکڑا گیا

پیرآباد سے موٹر سائیکل لفٹر گروہ کے6 کارندے گرفتار، 40 موٹر سائیکلیں، 50 موبائل اور اسلحہ برآمد۔ فوٹو: فائل

پولیس و رینجرز نے مختلف علاقوں میں کارروئیاں اور ٹارگٹڈ آپریشن کر کے 5 زخمی ملزمان سمیت 19 افراد کو گرفتار کر کے ان قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق پیر آباد تھانے کی محمد پور پولیس چوکی کے انچارج عمران گجر نے پولیس پارٹی کے ہمراہ پراچہ قبرستان کے قریب ایک کمپاؤنڈ پر چھاپہ مار کر بین الصوبائی موٹر سائیکل لفٹر اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث 6 ملزمان جمیل عرف بھیا، جانسن، شاہد پٹھان، امیر معاویہ ، فرمان درویش اور اس کے بھائی عرفان درویش کو گرفتار کر کے ان کے نشاندہی پر کمپاؤنڈ سے چوری و چھینی گئی 40 موٹر سائیکلیں ،50 موبائل فون اور 6 پستولیں برآمد کرلیں ، گزری پولیس نے خیابان غازی بی اسٹریٹ سے مقابلے کے بعد دو ملزمان عدیل اور منیر کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 2 پستول اور چھینے ہوئے موبائل فون برآمد کر لیے۔


پریڈی پولیس نے صدر رینبو سینٹر کے قریب سے مقابلے کے بعد ایک ملزم 20 سالہ نعمان مارواڑی کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے پستول برآمد کرلی، کلفٹن پولیس نے مقابلے کے بعد ملزم نعیم اور اس کے ساتھی ذکا اﷲ کو گرفتار کرکے 2 پستول، 8 راؤنڈ اور چھینے ہوئے5 قیمتی آئی فون برآمد کرلیے، رضویہ پولیس نے ایک چور ارشد کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ایک پستول، 10 ہزار روپے نقد برآمد کرلیے، کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے مفرور ملزم علی نواز مگسی کو گرفتار کرلیا، جوہر آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 بھتہ خور بالاج امین اور امین محمد کو گرفتار کرکے بھتے میں لی گئی رقوم برآمد کر لی ، مومن آباد پولیس نے مقابلے کے بعد ملزم محمد داؤد کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے سے پستول برآمد کرلی، رینجرز نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب نپیئر تھانے کی حدود لی مارکیٹ کے قریب سالار کمپاؤنڈ در بی بی بلڈنگ میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

ذرائع نے بتایا کہ رینجرز نے تفتیش کے بعد یاسین اور راشد سمیت دیگر مشتبہ افراد کو تفتیش کے بعد چھوڑ دیا تاہم بلاول ہاؤس کے سابق سیکیورٹی انچارج اور پیپلز پارٹی کے رہنما اکرم بلوچ کے بھانجے زاہد بلوچ اور ٹارگٹ کلرجہانزیب کو نہیں چھوڑا ، بعدازاں مذکورہ دونوں ملزمان سے تفتیش کے بعد اتوار کی شب ملزمان کی نشاندہی پر سالار کمپاؤنڈ اور اس کے سامنے واقع املی کمپاؤنڈ کا محاصرہ کرکے مزید 2 ملزمان کو حراست میں لیکر چوری کی 2موٹر سائیکلیں اور اسلحہ برآمدکرلیا ، ذرائع نے بتایا کہ گرفتار ملزم زاہد بلوچ گینگ وار کے سابق سرغنہ عبد الرحمن بلوچ عرف ڈکیت کا انتہائی قریبی ساتھی ہے جو عبد الرحمن کی رقم کسی بھی مقام پر لانے اور لے جانے کا کام کرتا تھا، رینجرز ترجمان اور علاقہ پولیس نے کسی بھی ملزم کی گرفتاری سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔
Load Next Story