پاکستان سے سیریز بھارتی بورڈ کو بدستور حکومت کے جواب کا انتظار

 وزیر خارجہ سشما سوراج کی وطن واپسی پر ہی کوئی فیصلہ ہوگا، راجیو شکلا

کھیل میں سیاسی مداخلت کے مخالف مگر مقابلوں کیلیے کلیئرنس ضروری ہے فوٹو : فائل

پاکستان سے سیریز کیلیے بھارتی بورڈ بدستور اپنی حکومت کے جواب کا منتظر ہے، سینئر آفیشل راجیو شکلا کہتے ہیں کہ وزیر خارجہ سشما سوراج کی وطن واپسی پر ہی کوئی فیصلہ ہوگا، کھیل میں سیاسی مداخلت کے مخالف مگر پاکستان سے مقابلوں کیلیے حکومتی اجازت ضروری ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کا بھارتی 'ہاں' کیلیے انتظار ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا، اب سیریز کا معاملہ مودی سرکار کے پاس الجھ گیا ہے، وہاں سے جب تک کلیئرنس نہیں ملے گی تب تک سیریز کے بارے میں حتمی فیصلہ نہیں ہوسکتا۔ بی سی سی آئی کے اہم آفیشل اور آئی پی ایل چیئرمین راجیو شکلا نے کہاکہ بورڈ کو حکومت کے جواب کا انتظار ہے جس کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائیگا۔


انھوں نے کہا کہ ہم پہلے ہی وزارت خارجہ سے رابطہ کرچکے لیکن چونکہ وزیر خارجہ سشما سوراج کامن ویلتھ سمٹ کے سلسلے میں مالٹا گئی ہوئی ہیں اس لیے ہمیں انکی واپسی کا انتظار ہے، وہ واپسی پر پاکستان سے سیریز کے بارے میں فیصلہ کرینگی۔ شکلا نے کہا کہ دونوں بورڈز پہلے ہی باہمی سیریز طے کرچکے ہیں، اب یہ بھارتی حکومت پر ہے کہ وہ اس بارے میں کیا کہتی ہیں، ہمیں صرف ان کی ہاں کا انتظار ہے۔

یاد رہے کہ پی سی بی اور بی سی سی آئی نے سیریز کیلیے اپنی حکومتوں سے ایک ساتھ رابطہ کیا تھا، پاکستانی بورڈ کو فوری طور پر حکومت سے کلیئرنس مل گئی۔

شکلا نے مزید کہاکہ کھیلوں کو سیاسی تنازعات میں بالکل نہیں الجھانا چاہیے مگر ہم پاکستان سے سیریز کا فیصلہ حکومتی اجازت کے بغیر نہیں کرسکتے، یہی وجہ ہے کہ ہم نے حکام سے رابطہ کیا اور اب جواب کا انتظار ہے، جیسے ہی یہ موصول ہوا سب کو آگاہ کر دینگے۔واضح رہے کہ اگر بھارت کی حکومت نے بھی کلیئرنس دیدی تو پھر 3ون ڈے اور 2 ٹوئنٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز 15 دسمبر سے جنوری کے پہلے ہفتے کے دوران کھیلی جاسکتی ہے۔
Load Next Story