ناگپور ٹیسٹ کی خراب ترین وکٹ پر بھارت سے جواب طلب

تیسرے ٹیسٹ میچ کے ریفری جیف کرو نے اپنی رپورٹ میں وکٹ کو خراب قرار دیتے ہوئے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔


ویب ڈیسک December 02, 2015
آئی سی سی نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے 14 روز میں جواب طلب کر لیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی۔

بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ کی خراب ترین وکٹ پر بی سی سی آئی سے جواب طلب کر لیا گیا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان ناگپور میں کھیلئے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ کے ریفری جیف کرو نے اپنی رپورٹ میں وکٹ کو خراب قرار دیتے ہوئے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ پچ کی رپورٹ بھارتی کرکٹ بورڈ کو بھیج دی گئی اور بی سی سی آئی سے 14 روز میں جواب طلب کیا گیا ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے جواب موصول ہونے کے بعد آئی سی سی کے کرکٹ منیجر اور چیف میچ ریفری میچ سے متعلق تمام شواہد کا بغور جائزہ لینے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ پر جرمانہ عائد کرنے یا پچ کو کلیئر کرنے سے متعلق فیصلہ کریں گے۔

واضح رہے کہ بھارت کے شہر ناگپور میں 25 نومبر کو بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان تیسرا ٹیسٹ شروع ہوا جو صرف تیسرے روز ہی بھارت کی جیت پر ختم ہو گیا۔ میچ کے پہلے روز مجموعی طور پر 12 کھلاڑی آؤٹ ہوئے جب کہ دوسرے روز 20 وکٹیں گریں اور تیسرے روز 8 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ بھارت نے اپنی دونوں اننگز میں 215 اور 173 رنز اسکور کئے جب کہ جنوبی افریقی ٹیم 79 اور 185 رنز ہی اسکور کر سکی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں