پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ کو مذاق بنادیا

سال بھر بغیر کام کیے تنخواہیں وصول کرنے والے کھلاڑی ڈومیسٹک ایونٹ بھی نہ کھیلیں تو ان کاکیا فائدہ؟ ڈپارٹمنٹس

قائد اعظم ٹرافی کو چھوڑ کر اسٹار پلیئرز بنگلہ دیش لیگ کھیلنے میں مصروف۔ فوٹو: فائل

WASHINGTION:
پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ کو مذاق بنادیا ، ملک کے سب سے اہم فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی کو چھوڑ کر اسٹار پلیئرز بنگلہ دیش لیگ کھیلنے میں مصروف ہیں۔


تفصیلات کے مطابق ان دنوں ملک کے مختلف شہروں میں قائد اعظم ٹرافی کے 4 روزہ میچز جاری ہیں مگر قومی اسٹارز ان میں شریک نہیں، ٹیسٹ کپتان مصباح، عمر اکمل، یاسر شاہ، احمد شہزاد، شاہد آفریدی، شعیب ملک، سہیل تنویر، محمد عامر، کامران اکمل، حماد اعظم، محمد سمیع، ناصر جمشید اور سعید اجمل مختلف بی پی ایل فرنچائزز کی جانب سے ایکشن میں ہیں۔ ڈپارٹمنٹل ٹیمیں بھی اس صورتحال سے خوش نہیں، ان کا موقف ہے کہ سال بھر بغیر کام کیے تنخواہیں وصول کرنے والے کھلاڑی ڈومیسٹک ایونٹ بھی نہ کھیلیں تو ان کاکیا فائدہ؟ بورڈ نے ڈپارٹمنٹس و ریجنز کے کندھے پر رکھ کر ہی بندوق چلائی تھی۔

ایونٹ کیلیے این او سی ان کی اجازت سے مشروط کیا گیا، اہم کھلاڑیوں کی ناراضی سے بچنے کیلیے کسی ادارے نے انکار نہ کیا، ذرائع نے مزید بتایا کہ پی سی بی اس وقت بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی ناراضی مول نہیں لینا چاہتا، اسے آئندہ برس یو اے ای میں شیڈول اپنی لیگ کیلیے بنگالی پلیئرز کی ضرورت ہو گی، اگر بی پی ایل کیلیے کھلاڑیوں کو ریلیز نہ کیا جاتا تو اپنے ایونٹ میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا تھا۔ اس صورتحال پر نمائندہ ''ایکسپریس'' نے جب بعض ڈپارٹمنٹس کے آفیشلز سے رابطہ کیا تو انھوں نے آن ریکارڈ کچھ کہنے سے معذرت کر لی، البتہ اس بات کا ضروراعتراف کیا کہ کرکٹ بورڈکی کمزور پالیسی کے سبب انھیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
Load Next Story