پاکستان نے یونان سے بےدخل غیر تصدیق شدہ افراد کو طیارے سمیت واپس بھجوا دیا

طیارے میں 49 افراد سوار تھے جن میں سے صرف 19 ہی کی پاکستانی شہریت کی تصدیق ہوسکی جنہیں ایف آئی اے نے تحویل میں لے لیا


ویب ڈیسک December 03, 2015
نئی پالیسی کے تحت مسافروں کی تصدیق کئے بغیر انہیں نہیں لیا جائے گا،سول ایوی ایشن۔ فوٹو: آئی این پی

بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات سول ایوی ایشن حکام نے یونان سے بے دخل کئے گئے غیر تصدیق شدہ افراد کو طیارے سمیت واپس بھجوا دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سول ایوی ایشن نے نئی پالیسی کے تحت یونان سے چارٹرطیارے کے ذریعے ڈی پورٹ کئے گئے مسافروں سے بھرے طیارے کو ایئرپورٹ پر روکتے ہوئے انہیں طیارے سے اترنے سے روک دیا جس کے بعد یونانی سفیر ایئرپورٹ پہنچ گئے تاہم سول ایوی ایشن حکام مسافروں کی تصدیق کرانے کے معاملے پرڈٹ گئے۔ سول ایوی ایشن حکام کا کہنا تھا کہ نئی پالیسی کے تحت مسافروں کی تصدیق کئے بغیر انہیں نہیں لیا جائے گا۔

طیارے میں 49 افراد سوار تھے جن میں سے 19 کو ان کی شہریت اور دیگر کوائف کی تصدیق کے بعد ایف آئی اے نے اپنی تحویل میں لے لیا جب کہ دیگر 30 کو طیارے سمیت واپس بھجوا دیا گیا۔

دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے طیارے کی لینڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے حکام پر شدید برہمی کا اظہار کیا اوراس حوالے سے جواب طلب کرلیا ہے کہ طیارے کو کس طرح لینڈنگ کی اجازت دی گئی۔

واضح رہے کہ حکومت نے بیرون ملک سے ڈی پورٹ کئے گئے پاکستانیوں سے متعلق نئی پالیسی تشکیل دی ہے جس کے تحت اگر کسی پاکستانی کو ڈی پورٹ کرنا ہو تو اس کی وجہ بھی بتانا ہوگی اورتصدیق کئے بغیر کسی شخص کو واپس نہیں لیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں