مودی حکومت نے پاک بھارت سیریز مسترد کرنے کا فیصلہ کرلیا بھارتی میڈیا

عوام پاکستان کیساتھ کرکٹ سیریز کےحق میں نہیں اسلئےپاکستان کیساتھ نیوٹرل مقام پربھی کرکٹ سیریزنہیں ہوسکتی، بھارتی میڈیا


ویب ڈیسک December 04, 2015
پاکستان اور بھارت کے درمیان رواں ماہ متحدہ عرب امارات میں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز شیڈول ہے. فوٹو: فائل

بھارتی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ نریندر مودی کی حکومت نے پاک بھارت سیریز مسترد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمنز کے آن لائن جریدے کے مطابق بی سی سی آئی کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ اگر بھارتی حکومت نے پاک بھارت سیریز کی اجازت دینی ہوتی تو پہلے ہی دے دیتے۔ بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق نریندر مودی سرکار کا ماننا ہے کہ بھارتی عوام پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز کے حق میں نہیں ہے اسلئے پاکستان کے ساتھ نیوٹرل مقام پر بھی کرکٹ سیریز نہیں ہو سکتی۔

دوسری جانب ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے بھارتی صحافی وکرانت گپتا کا کہنا ہے کہ اخبار میں چھپنے والی رپورٹ پر ہمیں کان نہیں دھرنے چاہیئیں اور اب اس سیریز کا فیصلہ بھارتی وزیر خارجہ شسما سوراج کے دورہ پاکستان سے جڑا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح پاکستانی عوام بھارت کے ساتھ کرکٹ سیریز کے حامی ہیں بالکل اسی طرح بھارتی عوام بھی سیریز چاہتی ہے اور بہت زیادہ پر امید ہوں کہ اس سیریز کے حوالے سے جلد کوئی مثبت چیز سامنے آئے گی۔

گزشتہ روز چیرمین پی سی بی شہریار خان کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارت سے کہہ دیا ہے کہ سیریز کے حوالے سے جو بھی فیصلہ کرنا ہے جلدی کرلیں، اب ہمارے پاس زیادہ وقت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ دبئی میں پی سی بی اور بی سی سی آئی حکام کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں یہ چیزیں طے پائی تھیں کہ دونوں ممالک کے درمیان نیوٹرل مقام پر سیریز ہو گی لیکن پھر ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے دباؤ پر بھارتی حکام نیوٹرل مقام سری لنکا میں بھی سیریز کے حوالے سے معاملات شش و پنج کا شکار ہو گئے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان رواں ماہ متحدہ عرب امارات میں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز شیڈول ہے تاہم بھارتی حکومت کی جانب سے مسلسل ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کئے جانے کے باعث سیریز سے متعلق حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں