کیلیفورنیا میں حملہ کرنے والی خاتون کوویزا پاکستان سے جاری ہوا امریکی محکمہ خارجہ

تاشفین ملک کو ’’کے ون‘‘ ویزا پاکستان سے جاری ہوا، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

یقین سے کچھ نہیں کہہ سکتا کہ تاشفین ملک کو ویزا کب جاری ہوا، مارک ٹونر. فوٹو: فائل

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ کیلیفورنیا کے علاقے سان برنارڈینو میں سماجی مرکز پر اپنے شوہر سید رضوان فاروق کے ہمراہ حملہ کرنے والی خاتون تاشفین ملک کو امریکی ویزا پاکستان سے جاری کیا گیا۔

واشنگٹن میں ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان مارک ٹونر کا کہنا تھا کہ تاشفین ملک ایک پاکستانی شہری تھیں اور انھیں امریکا کا کے ون ویزا پاکستان سے ہی جاری ہوا تھا جب کہ سید رضوان فاروق امریکا میں ہی پیدا ہوا اور وہ مقامی محکمہ صحت میں 5 برس سے ملازم تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ تاشفین ملک کو ''کے ون'' یعنی منگیتر کو دیا جانے والا ویزا جاری کیا گیا تھا تاہم اس حوالے سے یقین سے کچھ نہیں کہہ سکتا کہ تاشفین کو ویزا کب جاری ہوا تھا اور انھوں نے امریکا آنے سے قبل سعودی عرب کا سفر بھی کیا، تاشفین ملک کا اپنے شوہر کے ساتھ سعودی عرب کا سفر کرنے کے حوالے سے بھی امریکا کے پاس کوئی معلومات نہیں ہیں۔


دوسری جانب پولیس نے سید رضوان فاروق کی رہائش گاہ کے بڑی تعداد میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق برآمد کئے گئے اسلحے میں 5 ہزار گولیاں، 12 پائپ بم، پستول اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا جو کہ محدود پیمانے پر جنگ چھیڑنے کے لئے کافی ہے۔

واضح رہے کہ سید رضوان فاروق اور ان کی اہلیہ تاشفین ملک نے 2 روز قبل کیلیفورنیا کے علاقے سان برنارڈینو میں ذہنی معذوری کے مرکز میں فائرنگ کر کے 14 افراد کو ہلاک اور 21 کو زخمی کر دیا تھا جب کہ دونوں حملہ آور پولیس مقابلے میں مارے گئے تھے۔

Load Next Story