ڈائریکٹر کی نظر چُوکی اور

ہالی وڈ کی کچھ مشہور فلموں میں ہونے والی غلطیاں


نرگس ارشد رضا December 06, 2015
ہالی وڈ کی کچھ مشہور فلموں میں ہونے والی غلطیاں ۔ فوٹو : فائل

دنیائے فلم کی سب سے بڑی انڈسٹری ہالی وڈ کو کہا جاتا ہے، جہاں سالانہ ایک سو سے زائد فلمیں بنتی ہیں۔ فلاپ اور ہٹ کی پرواہ کیے بغیر ہالی وڈ کے فلم ساز معیاری فلم بنانے کو ہمیشہ ترجیح دیتے ہیں۔

اپنے کام کو عبادت کا درجہ دینے والے یہ فلم ساز فلم کی چھوٹی سی چھوٹی جزئیات کو بھی نظر انداز نہیں کرتے۔ ذہن سے خیالات کاغذ پر منتقل ہوتے ہیں، وہاں سے کمپیوٹر اور اسپیشل ایفکٹس کی مدد سے انہیں پردۂ سیمیں پر پیش کیا جاتا ہے۔ فلم کی ریلیز سے پہلے بار بار پرکھا جاتا ہے۔ خامیاں نکالی جاتی ہیں۔

بعض اوقات تو کسی نی کسی سین کی دوبارہ سے فلم بندی بھی کی جاتی ہے۔ اتنی تمام احتیاط اور دیکھ بھال کے باوجود فلم میں کوئی نہ کوئی خامی ضرور رہ جاتی ہے اور ایسا صرف چھوٹی یا بی گریڈ فلموں ہی میں نہیں ہوتا بل کہ ٹاپ کلاس فلموں میں غلطیاں ملتی ہیں۔ ایک عام فلم بیں شاید ان خامیوں پر دھیان نہ دیتا ہو لیکن ایک ذہین اور صاحب نظر فلم بیں کی نظروں سے یہ غلطیاں چھپی نہیں رہتیں۔ زیرنظر مضمون میں ہالی وڈ کی چند بڑی فلموں میں دکھائی جانے والی غلطیوں کا ذکر کیا جا رہا ہے۔

٭Gladiator: ہر ایک جانتا ہے کہ گلیڈی ایٹر ایک تاریخی فلم ہے، جس میں ایکشن ڈراما اور رومانس بھی دکھایا گیا ہے۔ یہ فلم ایک سچے واقعے پر بنائی گئی تھی، لیکن اس بڑی لاگت کی فلم میں بھی جو انتہائی مہارت سے تیار کی گئی تھی ڈائریکٹر سے ایک ایسی غلطی ہو گئی جسے حماقت کے سوا کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ Carthageکی جنگ کے ایک سین میں دکھایا گیا کہ میدان گھوڑے دوڑاتے ہوئے دھوئیں سے بھر گیا ہے۔ یہ دھواں دکھانے کے لیے ڈائریکٹر نے ایک charriotsپر سواری کرنے والے ایک شخص کو دکھایا جس کے پچھلے حصہ پر گیس سلنڈر لگا ہوا تھا اور دھواں وہاں سے خارج ہوتا نظر آرہا تھا۔ مستقبل کی یہ ایجاد اس وقت کیسے سامنے آگئی؟ یہ بات کوئی ڈائریکٹر سے پوچھے۔

٭Harry Potter and the Sorcerer's Stone: فلموں کی تاریخ میں ہیری پورٹر سیریز کا شمار کام یاب اور ریکارڈساز فلموں میں کیا جاتا ہے۔ اس کے اب تک سات سیزن ریلیز ہوچکے ہیں۔ فلم کی اس سیریز میں یوں تو بہت سی غلطیاں تھیں لیکن سب سے قابل ذکر غلطی یہ تھی کہ بتا یا جاتا ہے کہ ہیری کے ماتھے پر ایک پیدائشی نشان ہے، لیکن پوری فلم میں کبھی یہ نشان ہیری کے ماتھے پر نظر آتا ہے اور کبھی نہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ بھی جادوئی نشان تھا جو اپنی مرضی سے آجا رہا تھا۔

٭Pirates of the Caribbean: Curse of the Black Pearl : 2003 میں ریلیز ہونے والی جانی ڈیپ کی اس فلم نے بے انتہا کام یابی حاصل کی تھی۔ اس فلم کے دیگر حصے بھی بنائے گئے تھے۔

اس فلم کی کہانی کا تعلق قدیم دور سے ہے، لیکن مذکورہ فلم کے ایک سین میں جہاز میں جانی ڈیپ کے ذرا دور پیچھے کیپ اور وائٹ شارٹس پہنے ایک شخص دکھا جارہا ہے جو کہ اس فلم کا حصہ نہیں اور نہ ہی کوئی کردار ہے، بل کہ وہ فلم کریو یا اسٹاف کا حصہ تھا جو غلطی سے اس سین میں آگیا۔ ورنہ فلم بین تو یہ دیکھ کر حیران ہوئے کہ اس دور میں شارٹس وغیرہ کب پہنی جاتی تھیں؟ ایک دوسرے سین میں جانی ڈیپ نے جو کیپ پہنی ہوئی ہے اس پر ایک مشہور اور بین الاقوامی برانڈ کا ٹیگ لگا ہے۔ کیپٹن جیک کو شاید اس دور میں اس برانڈ کا استعمال اس قدر پسند تھا کہ ایجاد سے پہلے ہی اس وقت ان کے پاس تھا۔

٭Pretty Woman: رچرڈ گرے اور جولیا رابرٹس کی شہرت یافتہ فلم پریٹی وومن جس کی کام یابی نے جولیا کے کیریر کو ہالی وڈ میں اور زیادہ مستحکم کردیا۔ اس فلم کی کام یابی کے بعد ہی انہوں نے اپنے معاوضے میں اضافہ کا اعلان بھی کیا تھا۔ یہ فلم ایک سوفٹ اور رومانوی موضوع پر بنائی گئی تھی۔ فلم کے ایک سین میں جولیا، رچرڈ کے ساتھ ایک ہوٹل میں ہے اور ناشتہ کر رہی ہے۔ اس وقت جولیا کو کوکیز کھاتے دکھایا گیا، پھر ایک سیکنڈ میں اسی سین میں وہ پین کیک کھا رہی تھی۔ یہ جادو کیسے ہوا کہ کھاتے کھاتے چیز ہی بدل گئی؟

٭Braveheart: یہ غلطی صرف وہی افراد پکڑ سکتے ہیں جو ہر فلم نہایت باریک بینی سے دیکھتے ہیں۔ اس فلم میں جنگ کا ایک سین دکھایا گیا ہے جس میں ہزاروں کی تعداد میں گھڑ سوار دوڑتے ہوئے سامنے کی طرف آرہے ہیں۔ ان گھڑ سواروں کے بہت پیچھے ایک سفید رنگ کی وین نظر آرہی ہے۔ اس دور میں تو وین وغیرہ نہیں ہوا کرتی تھیں، تو اس وین کا وہاں کیا جواز تھا؟

٭The Lord Of The Rings Trilogy/ The Hobbit: اس فلم میں سب سے ب غلطی ہی یہی تھی کہ فلم کے ہیرو کی آنکھوں کا رنگ کبھی سیاہ گہرا تو کبھی نیلا نظر آتا تھا۔

٭The Matrix: سائنس فکشن فلم دی میٹرکس نے باکس آفس پر بڑی دھوم مچائی تھی۔ اس فلم کی تیاری میں اسپیشل ایفکٹس کا استعمال بڑی مہارت اور ہنرمندی سے کیا گیا تھا۔ فلم کے تمام مناظر پر ڈائریکٹر کی مکمل گرفت تھی، ان سب کے باوجود ایک ایسی غلطی ہو ہی گئی جسے صرف اتفاقی غلطی ہی کہا جا سکتا ہے۔ ایک سین میں جب دروازہ کھلتے ہوئے دکھا یا گیا تو اس دروازے کی ناب میں کیمرے کا لینس صاف نظر آرہا تھا۔ اس حیرت انگیز غلطی کو ہر فلم دیکھنے والے نے محسوس کیا۔

٭ 2 Fast 2 Furious: نوجوان نسل کی پسندیدہ فلم فاسٹ اور فیوریس ہے اور اس کے سات کے سات پارٹ فلم بینوں کے دلوں میں جگہ بنا چکے ہیں۔ فلم کا ہیرو ون ڈیزل نئی نسل کا پسندیدہ اور چہیتا اداکار ہے ۔ اس فلم کی کام یابی میں مرکزی کردار ہی ڈیزل کا ہے، لیکن ٹو فاسٹ اینڈ ٹوفیوریس میں بے شمار غلطیاں دیکھنے کو ملتی ہیں۔ ایک سین میں لڑکی کا اسٹائل اور سیٹ دو بار بدلتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک دوسرے سین مین ڈیزل یعنی ڈوم جب گاڑی ڈرائیو کر رہا ہوتا ہے تب اس کی شرٹ کی آستین غائب ہے اور اسی سیکنڈ میں وہ فل سلیوز میں نظر آرہا ہے۔

٭Harry Potter and the Prisoner Of Azkaban: جیسا کہ پہلے بتایا گیا کہ اس فلم کی تمام سیریز میں کہیں نہ کہیں غلطیاں ہیں پتا نہیں ڈائریکٹر کا اس جانب دھیان کیوں نہیں گیا۔ ہیری پورٹر کی اس سیریز کے ایک سین میں ایک گل دان ٹوٹا ہوا دکھائی دیتا ہے۔ ایک سکینڈ بعد جب کیمرا واپس اسی جگہ کو فوکس کرتا ہے تب گل دان جڑا ہوا ثابت نظر آرہا ہے۔ اسی فلم کے ایک اور سین میں جب ہیری اور ہرمیون موفلے سے بچنے کے لیے چھپ رہے ہیں تب ا ن کے پاور پیک ان کی جیکٹس کے نیچے نظر دکھائی دے رہے ہوتے ہیں۔

٭Avengers: فلم ایونجر کے ایک سین میں گاڑی بری طرح تباہ ہوئی ہے، لیکن اسی سین اکے اگلے منٹ میں وہ صحیح نظر آرہی ہے۔ اس کے علاوہ ایک بہت بڑی جنگ کے بعد کیپٹن امریکا کے تمام کپڑے بری طرح پھٹ چکے ہوتے ہیں، لیکن اسی سین میں فوراً دکھایا گیا کہ وہ اور ان کے کپڑے بالکل ٹھیک حالت میں ہیں کیسے؟

٭X - Men: سائنس فکشن فلم ایکس مین بھی بے تحاشہ مضحکہ خیز غلطیوں سے بھرپور ہے۔ کسی سین میں ٹیبل پر فروٹ باسکٹ ہے اگلے سیکنڈ میں وہ غائب ہے۔ اسی طرح ایک سین میں ٹیبل لیمپ نظر آرہا ہے اگلے سین میں نہیں ہے ایک اور سین میں ٹیبل پر سفید رنگ کی فائل ہے اگلے ہی لمحے اس فائل کا رنگ تبدیل ہو کر بلو ہو جاتا ہے۔ یقیناً یہ غلطیاں ڈائریکٹر کے ساتھ کریو ممبران کی بھی ہیں کہ ایسی فاش غلطیاں ان کی نظروں سے کیسے پوشیدہ رہ گئیں۔

٭Titanic: کئی ایوارڈ یافتہ فلم ٹائٹینک بھی غلطیوں سے مبرا فلم نہیں تھی۔ فلم کی ہیروئن روز یعنی کیٹ ونسلٹ کے چہرے پر ہونٹوں کے قریب ایک تل دکھا یا جاتا ہے۔ پوری فلم کے دوران یہ تل کبھی سامنے آجاتا تھا اور کبھی غائب ہوجاتا تھا، تو کبھی دائیں تو کبھی بائیں جانب نظر آتا رہا۔ فلم کے ایک سین میں جب ڈوسن یعنی لیونارڈو ڈی کپریو کے ہاتھ باندھ دیے جاتے ہیں اور جہاز میں پانی بھرنا شروع ہوجاتا ہے تب ایک بار انہیں گیلس پہنے دکھا یا گیا اور اگل سین میں وہ گیلس غائب ہو گئے تھے۔

٭Twilight: اس فلم کے ایک سین میں جب ہیروئن اسپتال میں ایڈمٹ ہوتی۔ تب اس کو لگائی جانے والی آکسیجن پائپ کی جگہ بار بار تبدیل نظر آرہی ہوتی ہے۔ اسی فلم کے ایک دوسرے سین میں جب ہیرو ہیروئن کی جان بچانے کے لیے ایک درخت کے اوپر بیٹھا ہوا ہے، تب ہیرو کی آستین فولڈ ہوتی ہے، لیکن اسی سین کو جب اوپر سے دکھایا گیا تب وہ آستین پوری ہوتی ہے۔

٭300The Rise Of Empire: کے ایک سین میں Artemisia'sجو سیب کھارہی ہوتی ہے اس کا رنگ پہلے لال ہوتا ہے جو اچانک بدل کر ہرا ہو جاتا ہے۔

٭Alien: فلم کے ایک سین میں اسپیس میں جانے کے لیے جب ہیرو کو بون شپ میں دکھایا جاتا ہے تب اس نے اسپیس سوٹ کے اندر سر پر ہڈ بھی لیا ہوتا ہے لیکن اگلے سین میں جب ہیلمٹ ٹوٹتا ہے تو ہڈ غائب ہو جاتے ہیں۔

٭The Wizard of Oz: ڈورتھی اور اسکریو ایک سین میں درختوں سے سین توڑتے ہیں اس سین میں اسکریو سکھا رہا ہوتا ہے کہ سیب کیسے توڑے جاتے ہیں اسی سین میں ڈورتھی نے پہلے ربڑ کے سلیپر پہنے ہیں اور پھر پمپی پہنی نظر آتی ہے۔

٭Spider-Man (2002): کے ایک سین مین پیٹر اپنے کمرے میں ویب (جال) بنارہا ہوتا ہے۔ اسی دوران اس کے کمرے میں رکھا ہوا ٹیبل لیمپ ٹوٹ جاتا ہے، جب کہ اسی سین میں جب وہ اپنی آنٹی سے باتیں کرتا ہے تب وہ لیمپ اپنی اصلی حالت میں نظر آرہا ہوتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں