حصص مارکیٹ میں بیرونی سرمائے کے انخلاکے باوجودتیزی

کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 8.19 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر12 کروڑ97 لاکھ22 ہزار940 حصص کے سودے ہوئے


Business Reporter December 05, 2015
کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 8.19 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر12 کروڑ97 لاکھ22 ہزار940 حصص کے سودے ہوئے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان میں4.5 فیصد کا جی ڈی پی نمو ہدف حاصل ہونے کی پیشگوئی کے بعد نچلی قیمتوں پرمقامی شعبوں کی خریداری رحجان برقرار رہنے کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو تیسرے دن بھی تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے انڈیکس کی 32600 اور32700 پوائنٹس کی 2حدیں بھی بحال ہوگئیں۔

تیزی کے سبب 60.28 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 21 ارب70 کروڑ 92 لاکھ55 ہزار70 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں اب بھی مختصرالمدت سرمایہ کاری کی جارہی ہے جس سے فوری منافع کے حصول پر رحجان بڑھنے پر مندی کا خدشہ ہے کیونکہ غیرملکی سرمایہ کار بدستور سرمائے کے انخلا کو ترجیح دے رہے ہیں جسے مقامی سرمایہ کار اپنے لیے اشاریہ تصور کرتے ہیں اور بڑی نوعیت کی سرمایہ کاری سے گریز کررہے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ کاروباری حجم محدود ہے، ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، میوچل فنڈز، بینکوں و مالیاتی اداروں اور بروکرز کی جانب سے مجموعی طور پر40 لاکھ15 ہزار 437 ڈالر کے سرمائے کا انخلا کیا گیا لیکن اس انخلا کے باوجود مارکیٹ مثبت زون میں رہی کیونکہ کاروبارکے دوران مقامی کمپنیوں کی جانب سے6 لاکھ 89 ہزار387 ڈالر، این بی ایف سیز کی جانب سے 72 ہزار7 ڈالر، انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے26 لاکھ48 ہزار923 ڈالراور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے6 لاکھ5 ہزار120 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس142.77 پوائنٹس کے اضافے سے 32707.91 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 90.65 پوائنٹس کے اضافے سے19200.06 پوائنٹس، کے ایم آئی30 انڈیکس235.87 پوائنٹس کے اضافے سے54427.45 پوائنٹس اور آل شیئراسلامک انڈیکس 101.90 پوائنٹس کے اضافے سے 15198.81 ہوگیا۔

کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 8.19 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر12 کروڑ97 لاکھ22 ہزار940 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار345 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں208 کے بھاؤ میں اضافہ، 117 کے داموں میں کمی اور20 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں