سلیم ملک نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کے لئے درخواست جمع کرادی

سلیم ملک پر 2000 میں میچ فکسنگ کے الزام میں تاحیات پابندی عائد کردی گئی تھی جسے بعد میں لاہور کی مقامی عدالت نے۔۔۔


ویب ڈیسک October 25, 2012
سلیم ملک پر 2000 میں میچ فکسنگ کے الزام میں تاحیات پابندی عائد کردی گئی تھی جسے بعد میں لاہور کی مقامی عدالت نے ختم کردیا تھا۔ فوٹو فائل

سابق کپتان سلیم ملک نے قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کے لیے درخواست جمع کرادی ہے۔

سلیم ملک نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ انتخاب عالم کو قومی کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ بننے سے متعلق درخواست دی ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جتنا حق دوسرے کرکٹرز کا ہے اتنا ہی ان کا بھی حق ہے کہ وہ قومی ٹیم کی خدمت کریں۔

سلیم ملک نے کہا کہ جب وہ کپتان تھے تو وسیم اکرم اور وقار یونس سیدھے منہ بات بھی نہیں کرتے تھے لیکن اس کے باوجود انہوں نے ٹیم کو کامیابیاں دلائیں اور اب وہ اپنے تجربے سے ٹیم کو فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ سلیم ملک پر 2000 میں میچ فکسنگ کے الزام میں جسٹس ریٹائرد ملک قیوم کی سربراہی میں بنائے گئے کمیشن نے تاحیات پابندی لگائی تھی۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے 1994 میں آسٹریلوی کھلاڑیوں شین وارن، مارک وا اور ٹم مے کو میچ فکسنگ پر اکسایا تھا۔ بعد ازاں لاہور کی مقامی عدالت نے سلیم ملک پر عائد کی گئی تاحیات پابندی کو ختم کردیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں