راولپنڈی میں ایک شخص کی ہلاکت کے علاوہ انتخابات مکمل پر امن رہے چیف الیکشن کمشنر

انتخابی عمل کامیاب بنانے کے لیے تمام اداروں نے اہم کردارادا کیا، سردار رضا


ویب ڈیسک December 05, 2015
انتخابی عمل کامیاب بنانے کے لیے تمام اداروں نے اہم کردارادا کیا، سردار رضا، فوٹو: فائل

چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کےمقابلے میں بلدیاتی انتخابات کو زیادہ مربوط بنایا گیا جب کہ تیسرے مرحلے میں راولپنڈی میں ایک شخص کے جاں بحق ہونے کے علاوہ پولنگ پرامن رہی۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کےمقابلے میں بلدیاتی انتخابات کو زیادہ مربوط بنایا گیا لہٰذا بلدیاتی انتخابات سابقہ انتخابات سے بہتر تصور کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں 8 کروڑ سےزائد ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا، الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل کی نگرانی کا نظام بہتربنایا اور انتخابی عمل کامیاب بنانے کے لیے تمام اداروں نے اہم کردارادا کیا۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کے لیے ایک لاکھ 22 ہزارسے زائد پریذائیڈنگ افسروں کوتربیت دی گئی اور 6 لاکھ 90 ہزار 624 انتخابی عملہ تعینات کیا گیا، انتخابات میں 4 لاکھ 50 ہزار پولیس اہلکاروں نے فرائض انجام دیئے جب کہ بلدیاتی انتخابات پر3 ارب 80 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں ایک شخص کے جاں بحق ہونے کے علاوہ پولنگ پرامن رہی۔

دوسری جانب سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کراچی کے انتخابات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز کو ایسے اختیارات دیئے جو اس سے پہلے نہیں دیے گئے کیوں کہ پرامن انتخابات کے لیے رینجرز کو اختیارات دینا ضروری تھا جب کہ پرامن انتخابات کے لیے صوبائی حکومتوں نے بھی بہت محنت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورنگی اورلانڈھی میں بےامنی پرآئی جی سندھ خودموقع پرگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔