بیلاروس کراچی میں150ہارس پاورٹریکٹرکاپلانٹ لگائے گاسفیر

شرکا کو سندھ سرمایہ کاری بورڈ کے متعلق بریفنگ دی اور سندھ میں سرمایہ کاری مواقع سے آگاہ کیا


Business Reporter December 06, 2015
بیلاروس کے سرمایہ کار کراچی میں 150ہارس پاورکے ٹریکٹر بنانے کا پلانٹ لگانے کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، سفیر بیلاروس۔ فوٹو: آئی این پی/فائل

چیئرمین سندھ سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر آصف بروہی نے کہا ہے کہ پاکستان خصوصی طور پر سندھ حکومت بیلاروس کے ساتھ سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے جس کے لیے حال ہی میں حکومت سندھ اور گومل ریجن کے مابین ٹریکٹر انڈسٹری اور دیگر شعبوں میں فروغ کے لیے یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔

اسی پر عمل کر تے ہوئے حکومت سندھ چاہتی ہے کہ بیلاروسی سرمایہ کارایگریکلچر، ڈیری، لائیواسٹاک، متبادل توانائی اور دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کریں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے بیلاروس کے پاکستان میں متعین سفیراینڈری ارمولوچ سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر بیلاروس کے سفیر نے کہا کہ بیلاروس کے سرمایہ کار کراچی میں 150ہارس پاورکے ٹریکٹر بنانے کا پلانٹ لگانے کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نیشنل بینک آف بیلاروس اور بیلاروس بینک پاکستان خصوصی طورپر کراچی میں اپنی شاخیں کھولنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس کیلیے بات چیت آخری مراحل میں ہیں، بیلاروسی حکومت سندھ میں سیاحت، زراعت، ٹریڈنگ اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینا چاہتی ہے۔ بعد ازاں ڈائریکٹر جنرل سندھ سرمایہ کاری بورڈ افتخار شالوانی نے شرکا کو سندھ سرمایہ کاری بورڈ کے متعلق بریفنگ دی اور سندھ میں سرمایہ کاری مواقع سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ میں قائم اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو مشینری درآمد کرنے پر ایک مرتبہ ڈیوٹی سے استثنیٰ اور 10سال کیلیے انکم ٹیکس چھوٹ حاصل ہے، تمام یوٹیلٹیز کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے اور سندھ میں اسٹون ڈیولپمنٹ کمپنی کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے جس کے تحت اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنالوجی سے آراستہ ماربل سٹی تعمیرکیا جا رہاہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں