ورلڈ ٹی ٹوئنٹی شعیب اختر کو ٹیم سے عمدہ کھیل کی امیدیں

نوجوان بولر کی شمولیت سے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلیے پاکستانی مہم مضبوط ہو جائے گی، شعیب اختر

نوجوان بولر کی شمولیت سے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلیے پاکستانی مہم مضبوط ہو جائے گی، شعیب اختر۔ فوٹو: فائل

LONDON:
شعیب اختر نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں قومی کرکٹ ٹیم سے عمدہ کھیل کی امیدیں باندھ لیں، انھوں نے3اسپنرز اور 2پیسرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا مشورہ دیتے ہوئے محمد عامر کو شامل کرنے کی حمایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق یو اے ای میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق اسپیڈ سٹار نے کہا کہ میں پاکستان کو میگا ایونٹ کا فاتح دیکھنا چاہتا ہوں جس کیلیے کسی راکٹ سائنس کی ضرورت نہیں ہے، اگر درست کمبی نیشن تشکیل دیا جائے تو گرین شرٹس ایک خطرناک ٹیم کی صورت میں ابھر کر سامنے آسکتے ہیں۔


اس کیلیے میچ ونرز کی ضرورت ہوگی، میرے خیال میں3اسپنرز اور 2پیسرز کے ساتھ میدان میں اترنا مناسب رہے گا، شعیب اختر نے مزید کہا کہ محمد عامرکو قومی ٹیم میں واپس لانا چاہیے،انھیں موقع دینے کے حق اور مخالفت میں کئی لوگ نظر آتے ہیں،دونوں طرف کا موقف سنا جائے تو اپنی جگہ درست مگر میرے خیال میں پیسر کو اسکواڈ میں شامل کیا جا سکتا ہے، انھوں نے کہا کہ پی سی بی کیلیے یہ سفر آسان نہیں ہے۔

عامرکی شمولیت سے اختلاف رکھنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ عوام کو بھی اعتماد میں لینا ہوگا، دوسری جانب محمد عامر کو بھی سمجھانا پڑے گا کہ ان کیلیے کیا مناسب ہے اور کیا نہیں، ٹیم کوکس طرح کی توقعات وابستہ ہیں، میدان میں اور باہر ان کا رویہ کیسا ہونا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ نوجوان بولر کی شمولیت سے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلیے پاکستانی مہم مضبوط ہو جائے گی، سب سے اہم بات فتح ہی ہوتی ہے، عامر کو اسکواڈ میں لا کر ٹریننگ اور کھیل کی سمجھ بوجھ دیں، اسے بتائیں کہ جیت کیلیے ان سے کس کردارکی ضرورت ہو گی۔
Load Next Story