سندھ حکومت نےکراچی میں رینجرزاختیارات میں توسیع نہ کی تواسےواپس بلا لیں گے چوہدری نثار

عمران فاروق قتل کیس حکومتی نہیں ریاستی معاملہ ہے جس کے کئی مراحل سے وزیراعظم بھی لاعلم تھے، وفاقی وزیرداخلہ


ویب ڈیسک December 06, 2015
عمران فاروق قتل کیس حکومتی نہیں ریاستی معاملہ ہے جس کے کئی مراحل سے وزیراعظم بھی لاعلم تھے، وفاقی وزیرداخلہ. فوٹو:فائل

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے کراچی میں رینجرز اختیارات میں توسیع نہ کی تو اسے واپس بلالیں گے۔

https://img.express.pk/media/images/q16/q16.webp

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ معلوم نہیں سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی سمری کیوں منظورنہیں کی جارہی جب کہ گزشتہ دو ہفتوں سے اس سے متعلق سندھ حکومت کو اقدامات کرنے کا کہہ رہے ہیں، ریکوزیشن نہ بھیجنا مناسب بات نہیں اس لئے حکومت سندھ اس معاملے کو سنجیدگی سے لے اور اگر رینجرز اختیارات میں توسیع نہ کی گئی تو رینجرز کو کراچی سے واپس بلا لیں گے تاہم وزیراعظم نواز شریف کی موجودگی میں کل اس حوالے سے اہم فیصلے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے مقتول رہنما ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس حکومت کا نہیں ریاستی معاملہ ہے اور مجرموں کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے آخری حد تک جائیں گے جب کہ اس کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کی روشنی میں پاکستان میں ایف آئی آر درج کی گئی، اس معاملے پر آئین اور قانون کے مطابق کیس چلے گا اور اس حوالے سے نئی جے آئی ٹی بنائے جائے گی جو کیس کی تحقیقات کرے گی۔

https://img.express.pk/media/images/q17/q17.webp

https://img.express.pk/media/images/Chaudhry-nisar/Chaudhry-nisar.webp

وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ کسی بھی مقدمے کی مدعی حکومت نہیں ریاست ہوتی ہے اس لئے عمران فاروق قتل کیس کو سیاست کی نذرنہ کیا جائے،عمران فاروق قتل کیس کے کئی مراحل سے وزیراعظم بھی لاعلم تھے اوراب تک انہوں نے بھی جے آئی ٹی رپورٹ نہیں پڑی اگر جے آئی ٹی نے مقدمہ درج کرنے کی تجویز دی ہے تو مقدمے میں نامزد ملزمان مجرم نہیں ہوگئے ابھی اس کی تفتیش ہونا باقی ہے اورفیصلہ عدالت کو کرنا ہے جب کہ ایف آئی آر درج کرنے کا وقت ایف آئی اے نے خود طے کیا، کیس کی تحقیقات کے لئے اب جے آئی ٹی کی رپورٹ کی روشنی میں تفتیش ہوگی۔

https://img.express.pk/media/images/q25/q25.webp

وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ کہا گیا کہ انتخابات کےموقع پرایف آئی آردرج کرکےایم کیوایم کونقصان پہنچایا گیا، اگرالیکشن سے 2 روز قبل ایف آئی آر درج ہوتی تو شور کیا جاتا کہ کراچی میں ایم کیو ایم کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی اگرالیکشن قریب قریب ختم ہوتے وقت خبرلیک ہوگئی تو اس میں بدنیتی کہاں سے آگئی تاہم مقدمہ درج کرنے کی ٹائمنگ ایف آئی اے نے خود طے کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے باقاعدہ برطانیہ کے ادارے کو اعتماد میں لیا اوربتایا کہ گرفتارملزمان کے دوسرے ریمانڈ کا وقت ختم ہورہا ہے اورہمیں کوئی فیصلہ لینا ہے اورآخر کاریہ فیصلہ لیا گیا، ڈاکٹرعمران فاروق بین الاقوامی قتل کیس کے علاوہ انوکھا کیس ہے جس کے ملزم پاکستان سے پکڑے گئے اور اس کی سازش یہاں تیارہوئی اور پاکستان سے ہی مالی معانت ہوئی لیکن واقعہ لندن میں رونما ہوا۔

https://img.express.pk/media/images/q35/q35.webp

چوہدری نثارعلی خان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں اسلام فوبیا پھیلایاجارہا ہے اور یہ تاثردینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ جو کچھ دہشتگرد کرتے ہیں شاید یہی اسلام ہے،مذہب کا نام استعمال کرکے اسلام کو بدنام کرنے کی کوشش ہورہی ہے لیکن اسلام امن کا درس دیتا ہے، پاکستان کیلی فورنیا واقعے کی مذمت کرتا ہے، حملے میں ملوث خاتون تشفین ملک 23 سال قبل پاکستان کےعلاقے ڈیرہ غازی خان سے سعودی عرب منتقل ہوگئی تھی جہاں اس نے سکونت اختیار کی اور پھر وہیں شادی کی جس کے بعد وہ امریکا چلی گئی، کسی ایک شخص کی غلطی یا زیادتی کی وجہ سے ناتو خاص قومیت، مذہب اور ملک کو مورد الزام ٹھہرایا جاسکتا ہے اور نہ اس کا الزام ڈیڑھ ارب مسلمانوں پر لگایا جاسکتا ہے تاہم امریکی انتظامیہ نے اس پر ذمہ دارانہ رویہ اپنایا ہے۔

https://img.express.pk/media/images/q45/q45.webp

انہوں نے کہا کہ کیلی فورنیا واقعے سے متعلق امریکی حکام کو مکمل تعاون کی یقین دہائی کرائی ہے اگرکسی قسم کی مدد کو کہا گیا تو وہ فراہم کریں گے۔ چوہدری نثار نے برطانوی میڈیا میں کیلی فورنیا واقعے کے بعد وزیراعظم نواز شریف یا وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سے امریکی وفدکی ملاقات کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کسی قسم کی کوئی ملاقات نہیں ہوئی اور یہ بے بنیاد خبرہے، امریکی وفد کا وزیراعلی پنجاب سے ملنے کا کوئی جوازہے اور نا کوئی منطق، اس قسم کی خبریں نشر کرنے کے پیچھے ایک مقصد ہے اس لئے میڈیا اس قسم کی خبریں نشر کرنے سے پہلے تصدیق کرلیا کرے۔

https://img.express.pk/media/images/q54/q54.webp

وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ تارکین وطن کے معاملے پر یورپی یونین کے بیان سے اتفاق نہیں، پاکستانیوں کو بے دخل کرنے کے لئے دہشت گردی کا الزام لگایا جاتا ہے، یونان سے بے دخل کئے گئے لوگوں کی شناخت کے لئے ان افراد کو لے لیا گیا جو اپنی شناخت کرانے میں کامیاب رہے اور دیگر لوگوں کو واپس بھیج دیا اور آئندہ بھی بغیرثبوت کے بے دخل کیے گئے افراد کو قبول نہیں کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں