پی آئی اے نجکاری کسی صورت قبول نہیں سلیم مانڈوی والا

حکومت نے رات کے اندھیرے میں پی آئی اے کی نجکاری کے لیے صدارتی آرڈیننس جاری کیا ہے،سینیٹر سلیم مانڈوی والا


Business Reporter December 07, 2015
حکومت نے رات کے اندھیرے میں پی آئی اے کی نجکاری کے لیے صدارتی آرڈیننس جاری کیا ہے،سینیٹر سلیم مانڈوی والا۔ فوٹو: فائل

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے اعلیٰ عدلیہ سے پی آئی اے کی نجکاری کا نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا ہے، پاکستان پیپلزپرٹی کے رہنما اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے پی آئی اے کی نجکاری کے لیے جاری کیے گئے صدارتی آرڈیننس کو خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ حکومت نے رات کے اندھیرے میں پی آئی اے کی نجکاری کے لیے صدارتی آرڈیننس جاری کیا ہے، پارلیمنٹ کی موجودگی میں صدارتی آرڈیننس کی گنجائش نہیں ہے، حکومت پارلیمنٹ سے چھپ کر من مانے فیصلے کرنا چاہتی ہے، پی آئی اے کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں ہے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کی خوشنودی کے لیے فیصلے کررہی ہے، ایک ہی ہفتے میں دوسرا آرڈیننس جاری کردیا گیا۔ آرڈیننس کے ذریعے پی آئی اے کو پرائیویٹ لمٹیڈ کمپنی بنا دیا گیاہے، قومی اثاثے کو پرائیویٹ لمٹیڈ کمپنی بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، قومی اثاثے عوام کی ملکیت ہیں، حکومت کی جاگیر نہیں۔

پیپلز پارٹی کے کارکن، ٹریڈ یونینز اور سول سوسائٹی پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف سڑکوں پر نکلے۔ سپریم کورٹ اور اعلیٰ عدلیہ سے درخوست ہے، پی آئی اے کی نجکاری کا نوٹس لیا جائے۔ سینیٹر سلیم مانڈی والا نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر متحدہ اپوزیشن بنانے کی کوشش کررہی ہے، تمام اپوزیشن جماعتیں حکومت کے ظالمانہ اقدام کے خلاف سخت احتجاج کریں گی، سیاسی جماعتیں صدارتی آرڈیننس کے خلاف مشترکہ حکومت عملی اپنائیں گی، حکومت کو کسی صورت غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں