بدترین شکست پر پی ٹی آئی قیادت نے علی زیدی سے استعفیٰ طلب کرلیا

علی زیدی باضابطہ استعفی دینے کے بجائے ازخود مستعفی ہونے پر غور کر رہے ہیں، ذرائع

عمران خان کا دورہ کراچی بھی پی ٹی آئی کو شکست سے نہ بچا سکا۔ فوٹو: فائل

GAZA:
کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں متحدہ کے ہاتھوں تحریک انصاف کی بدترین شکست کے بعد پی ٹی آئی کراچی کے آرگنائزرعلی زیدی سے استعفی طلب کرلیاگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے تحریک انصاف کی کراچی میں شکست پرمقامی قیادت سے ناراضی کااظہارکیا ہے، پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں شکست سے سیاسی طور پر دھچکا پہنچا ہے۔ دریں اثنا ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے علی زیدی نے کہا کہ ہم آج اسلام آباد جا رہے ہیں، عمران خان جو فیصلہ کریں گے وہ مجھے قبول ہوگا، میں سیاست میں کسی عہدے کیلیے نہیں بلکہ عوام کی خدمت کے لیے آیا ہوں۔ ایک سوال پرانھوں نے کہ میرے جس بیان کومتنازع بناکر پیش کیاجارہاہے میں اس پرقائم ہوں، میں تو یہ بھی کہتا ہوں کہ بھارت میں جن لوگوں نے مودی کو ووٹ دیے انھیں بھی شرم آنی چاہیئے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ علی زیدی باضابطہ استعفی دینے کے بجائے ازخود مستعفی ہونے پر غور کر رہے ہیں۔


 

دوسری جانب پی ٹی آئی کراچی کے کارکنوں نے پی ٹی آئی کی شکست کی ذمے داری مقامی رہنماؤں پر عائد کردی، پی ٹی آئی کے کارکنوں نے کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں بدترین شکست کے بعد انصاف ہاؤس کے سامنے مقامی قیادت کے خلاف احتجاج کیا۔ اس موقع پر کارکنوں کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی قیادت نے نظریاتی کارکنوں کو نظراندازکیا ہے، عمران خان سے مقامی قیادت غریب ورکرز کو ملنے نہیں دیتی ہے جس سے پارٹی کو نقصان پہنچا ہے، کارکنان نے اس موقع پر گوعارف علوی گو، گو علی زیدی گو اور گو خرم شیرزمان گو کے نعرے لگائے۔

پی ٹی آئی کوایم کیو ایم کے ہاتھوں کراچی میں رواں برس یہ دوسری بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، بلدیاتی الیکشن میں ایم کیوایم سے مقابلہ کرنے کیلیے تحریک انصاف نے جماعت اسلامی سے مل کر2 جماعتی اتحاد قائم کیا تھا، عمران خان نے انتخابی مہم کی براہ راست مانیٹرنگ بھی کی اور گزشتہ ہفتے اس مہم کے سلسلے میں عمران خان نے کراچی سمیت سندھ بھر کا تفصیلی دورہ کیا تھا، عمران خان کا دورہ کراچی بھی پی ٹی آئی کو شکست سے نہ بچا سکا۔
Load Next Story