کیلیفورنیا دہشتگردی ملتان میں تاشفین ملک کے گھر پر چھاپہ

زکریا یونیورسٹی میں اساتذہ سے معلومات لیں، ایف بی آئی کا رضوان کے دوست کے گھر چھاپہ


INP/Numaindgan Express December 07, 2015
زکریا یونیورسٹی میں اساتذہ سے معلومات لیں، ایف بی آئی کا رضوان کے دوست کے گھر چھاپہ۔ فوٹو: اے ایف پی

کیلیفورنیا دہشتگردی میں ملوث تاشفین ملک کے بارے میں تحقیقات کے لیے ایف آئی اے کی ٹیم ملتان پہنچ گئی جب کہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے مہربان کالونی میں تاشفین ملک کے گھر چھاپہ مارا اور اس کے زیراستعمال اشیا قبضہ میں لے لیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق تاشفین ملک نے 16 فروری 2012 کو پاکستان کا شناختی کارڈ حاصل کیا جس پر ڈیرہ غازی خان کا پتہ درج ہے۔ ایف آئی اے نے بھی بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی میں تاشفین ملک کے اساتذہ سے معلومات حاصل کی ہیں۔ ایف آئی اے نے شعبہ فارمیسی سے تاشفین ملک کا داخلہ فارم بھی حاصل کیا جب کہ تاشفین ملک کے گھر سے ضروری سامان بھی قبضے میں لے لیا ہے۔

سابق صوبائی وزیر اور تاشفین ملک کے چچا ملک احمد علی اولکھ نے کہا ہے کہ تاشفین ملک کا والد گلزار ملک انجینئر تھا جو 1989 میں اہلخانہ کے ہمراہ سعودی عرب ہجرت کرگیا جس کے بعد ان کا خاندان سے کوئی رابطہ نہیں رہا۔ انھوں نے کہا ہماری بھتیجی نے جو کیا ہمیں اس پر شرمندگی ہے۔

تاشفین کے دوسرے چچا ملک عمر علی اولکھ نے بھی تاشفین فیملی سے کسی بھی تعلق کی تردید کی ہے۔ بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے شعبہ فارمیسی کے سربراہ ڈاکٹر خالد جانباز کا کہنا ہے کہ تاشفین مذہبی جھکاؤ رکھنے والی فرمانبردار اور شائستہ لڑکی تھی۔ ادھر امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے کیلیفورنیا میں رضوان فاروق کے دوست اینرک مرکیوز کے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔ آئی این پی کے مطابق امریکی صدر براک اوباما آج قوم سے خطاب کریں گے جس میں وہ دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں سے امریکی شہریوں کو اعتماد میں لیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں