سشما سوراج کے دورہ پاکستان میں جامع مذاکرات سےمتعلق کچھ کہناقبل ازوقت ہے سرتاج عزیز

بھارتی وزیرخارجہ کل پاکستان پہنچیں گی اوردونوں ممالک کے حکام کے درمیان سائڈ لائن ملاقاتیں بھی ہوں گے،مشیرخارجہ


ویب ڈیسک December 07, 2015
بھارتی وزیرخارجہ کل پاکستان پہنچیں گی اوردونوں ممالک کے حکام کے درمیان سائڈ لائن ملاقاتیں بھی ہوں گے،مشیرخارجہ۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز/فائل

وزیراعظم کے مشیر برائے امورخارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج کل پاکستان آئیں گی تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ جامع مذاکرات کب شروع ہوں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج کل پاکستان کا دورہ کریں گی اوراسلام آباد میں منعقد ہارٹ ایشیا کانفرنس میں شرکت کریں گی جس کے بعد دونوں ممالک کے حکام کے درمیان سائڈ لائن ملاقاتیں بھی ہوں گے جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات میں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے پیرس میں بھارتی ہم منصب نریندرمودی سے سشما سوراج کی کانفرنس میں شرکت پربات کی تھی جب کہ بھارتی وزیراعظم نے پہلے قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات پر زور دیا جس کی روشنی میں دونوں ممالک کے مشیرسلامتی کی ملاقات بنکاک میں ہوئی اوریہ بھی طے پایا کہ سیکرٹری خارجہ بھی اس ملاقات میں موجود ہوں گے تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جامع مذاکرات کب شروع ہوں گے اورکرکٹ سیریز کے بارے میں بھی ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

وزیراعظم کے مشیر برائے امورخارجہ کا کہنا تھا کہ افغان صدر اشرف غنی بھی بدھ کے روز پاکستان پہنچیں گے اور ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کریں گے جب کہ افغان صدر سے افغان مفاہمتی عمل پر بات ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کیلیفورنیا واقعے کی مذمت کرتا ہے اور اگر واقعے سے متعلق امریکا رابطہ کرے گا تو بھرپور تعاون کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں