بلدیاتی انتخابات میں عام انتخابات سے بھی زیادہ دھاندلی ہوئی عمران خان

پارٹی کے تمام عہدے تحلیل کرکے نئے الیکشن کرائے جائیں گے جس کے لئے 7 رکنی کمیٹی بنادی گئی ہے،چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک December 07, 2015
بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کا احتساب ہوا، چیرمین پی ٹی آئی عمران خان، فوٹو: فائل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں عام انتخابات سے بھی زیادہ دھاندلی ہوئی تاہم تسلیم کرتے ہیں کہ پارٹی نچلی سطح تک منظم نہیں تھی .

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں بدترین شکست کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس میں مختلف امورپرغورکیا گیا اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ پارٹی کے تمام عہدے تحلیل کرکے نئے الیکشن کرائے جائیں گے جس کے لئے 7 رکنی کمیٹی بنادی گئی ہے اور جلد ممبر شپ مہم شروع کریں گے جو 2 ماہ تک جاری رہے گی جس کے بعد کارکن پارٹی عہدیداروں کو براہ راست منتخب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں عام انتخابات سے بھی زیادہ دھاندلی ہوئی تاہم تسلیم کرتے ہیں کہ پارٹی نچلی سطح تک منظم نہیں تھی، تحریک انصاف کی ایسی بنیاد رکھ رہے ہیں کہ میں رہوں یا نہ رہوں پارٹی چلتی رہے جب کہ پارٹی کو موروثی سیاست سے پاک ادارہ بنانا چاہتے ہیں جب کہ پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ن) اورایم کیو ایم میں کوئی فرق نہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) اور سندھ میں پیپلزپارٹی کے خلاف الیکشن لڑنے والوں سے رابطہ کریں گے کیوں کہ اب واضح ہوچکا ہے کہ ملک میں ایک طرف تبدیلی اور دوسری جانب اسٹیٹس کو کا مقابلہ ہے اور تحریک انصاف اسٹیٹس کو کے خاتمے کے لئے ہر سطح پر کوششیں کرتی رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ میثاق جمہوریت میں پاکستان کی بندر بانٹ کردی گئی اور پاکستان تباہ ہوتا رہا اور یہ ایک دوسرے کو تحفظ فراہم کرتے رہے جب کہ نیشنل ایکشن پلان میں تمام جماعتیں ایک ساتھ تھیں لیکن جب ایکشن ہوا تو سب الگ ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔