نائب کپتان بناتے ہی مالنگا کو ’’آرام‘‘ کا موقع دیدیا گیا

کیویز کیخلاف واحد ٹی 20 میں جے وردنے بھی حصہ نہیں لینگے، مینڈس سیریز سے باہر

گذشتہ روز سلیکٹرز نے کیویز سے واحد ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کیلیے اسکواڈز کا اعلان کیا تھا۔ فوٹو : اے ایف پی

سری لنکا نے نائب کپتان بنانے کے فوراً بعد فاسٹ بولر لسیتھ مالنگا کو''آرام'' کا موقع فراہم کر دیا۔

نیوزی لینڈ کیخلاف 30 اکتوبر کو واحد ٹوئنٹی 20 میں ان کی جگہ کپتان انجیلو میتھیوز کو پیسر نوان کولاسیکرا مشورے دیتے نظر آئیں گے، سابق قائد مہیلا جے وردنے بھی اطمینان سے اہل خانہ کے ساتھ گھر میں بیٹھ کر میچ سے لطف اندوز ہوں گے، البتہ ون ڈے میں بطور قائد واپسی ہو گی،اسپنر اجنتھا مینڈس انجری کے سبب سیریز میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ نے بدھ کو اعلان کیا تھا کہ میتھیوز ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کے کپتان اور مالنگا نائب ہوں گے، دونوں کو ایک برس کیلیے ذمہ داری سونپی گئی۔


گذشتہ روز سلیکٹرز نے کیویز سے واحد ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کیلیے اسکواڈز کا اعلان کر دیا، سلیکٹرز کو شائد ایسا لگا کہ نائب کپتان بننے کی ذمہ داری ملنے کا سن کر ہی مالنگا تھک گئے، اسی لیے انھیں آرام کا موقع دے دیا گیا،ان کی جگہ فاسٹ بولر نوان کولاسیکرا نیوزی لینڈ سے میچ میں وائس کپتان ہوں گے،گذشتہ دنوں ویسٹ انڈیز سے فائنل ہارنے والی ٹیم کے کپتان مہیلا جے وردنے بھی ریسٹ کریں گے،اجنتھا مینڈس تمام میچز کی فیس سے محروم رہ گئے، اس کی وجہ فٹنس بنی جو انھیں میدان میں اترنے کا موقع دینے کو تیار نہ ہوئی۔

اسپنر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 18 ستمبر کو زمبابوے سے میچ میں سائیڈ اسٹرین کا شکار ہوئے تھے، گوکہ وہ ایونٹ میں صرف ایک میچ ہی نہ کھیل سکے اور15 وکٹوں کے ساتھ اختتام کیا تاہم اب انجری بڑھ چکی ہے، ٹیم منیجر چیراتھ سینانائیکے نے میڈیا کو بتایا کہ اجنتھا نے درد کش انجیکشنز لگوا کر میچز میں حصہ لیا، وہ تاحال100 فیصد فٹ نہیں ہو سکے اور علاج جاری ہے۔ سلیکٹرز نے ابتدائی تین ون ڈے میچز کیلیے نئے اسپنرز تھارندو کوشل اور اکیلا دننجایا کو منتخب کیا ہے،کوشل کو انڈر 19 ورلڈکپ اور دننجایا کو ٹی ٹوئنٹی کے میگا ایونٹ میں بہتر بولنگ کا انعام ملا،ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میتھیوز (کپتان) کولاسیکرا، دلشان موناویرا، تلکارتنے دلشان، سنگاکارا، چندیمل، جیون مینڈس، لاہیرو تھریمانے، تشارا پریرا،ارنگا،دننجایا، سینانائیکے اور تھارنگا پر مشتمل ہے، ابتدائی تین ون ڈے میچز کی ٹیم میں جے وردنے (کپتان) میتھیوز، دلشان، سنگاکارا، چندیمل، تھریمانے، پریرا، جیون مینڈس، کولاسیکرا، مالنگا، ارنگا، تھارنگا، ہیراتھ، دننجایا اور تھارندو کوشل شامل ہیں۔
Load Next Story